• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’ارطغرل غازی‘ پر تنقیدجبران ناصر کو مہنگی پڑ گئی

اسلامی فتوحات پر مبنی شہرہ آفاق تُرک سیریز ’دیرلیش ارطغرل‘ کے پاکستان میں نشر کیے جانے کے خلاف بولنے پر گلوکار و اداکار ہارون شاہد نے سوشل میڈیا پر سماجی کارکن جبران ناصر کو کرارا جواب دے دیا۔

یکم رمضان سے وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر سرکاری ٹی وی پر نشر کی جانے والی تُرک سیریر’ارطغرل غازی‘ کو جہاں بلال اشرف اورحمزہ علی عباسی جیسے پاکستانی فنکار بےحد پسند کر رہے ہیں تو وہیں شان شاہد جیسے کچھ فنکار ایسے بھی ہیں جو ’ارطغرل غازی‘ پر تنقید کرنے والوں میں شامل ہیں۔






ناقدین کی اِس فہرست میں پاکستان کے نامور سماجی کارکن جبران ناصر بھی شامل ہیں جنہوں نے گزشتہ دِنوں مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر جاری کردہ اپنے پیغام میں لکھا کہ ’پاکستان میں ہمارے پاس لاتعداد ثقافتیں ہیں لیکن افسوس اِس بات کا ہے کہ بہت سے لوگوں کو ابھی تک اپنی شناخت کی وجہ سے پیدا ہونے والے مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔‘

جبران ناصر نے پاکستانیوں اور بھارتیوں کی مماثلت کے حوالے سے لکھا کہ ’اکثر تو ’گورے‘ یعنی انگریز مماثلتوں کی وجہ سے پاکستانیوں کو بھارتی سمجھ بیٹھتے ہیں۔‘

اُنہوں نے پاکستانیوں کی شناخت پر بات کرتے ہوئے لکھا کہ ’پہلے ہم نے خود کو ’عربی‘ بنایا اور اب ہم خود کو ’تُرک‘ بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔‘

جبران ناصر کے اِس تنقید بھرے ٹوئٹ کے جواب میں ہارون شاہد نے کہا کہ ’جبران ناصر کی باتوں سے لگ رہا ہے کہ پاکستان کے 80 فیصد پٹھان اور کشمیریوں کو جون سے قبل ہی سورج کی دھوپ لے لینی چاہیے ورنہ جبران بھائی کو وہ پاکستانی ’اطالوی باشندے‘ نظر آنے لگیں گے۔‘


آخر میں اُنہوں نے ’ارطغرل غازی‘ کے ناقدین کو کرارا جواب دیتے ہوئے لکھا کہ ’مجھے اپنے پاکستانی ہونے پر فخر ہے اور چاہے کچھ بھی ہوجائے میں ’ارطغرل غازی‘ دیکھوں گا۔‘





اِس سے قبل ہارون شاہد نے ٹوئٹر پر اپنےمداحوں کے لیے جاری کردہ پیغام میں لکھا تھا کہ ’ارطغرل غازی اتنا دیکھو اور اِس سیریز کو آگے اتنا پھیلاؤ کہ عمران خان کی وجہ سے اِس تُرک سیریز سے سڑنے والے اور زیادہ پریشان ہوں۔‘






اِس وقت بھی پاکستان کے ٹاپ ٹوئٹر ٹرینڈز میں ’ارطغرل‘ دوسرے نمبر پر موجود ہے۔

یاد رہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر ’دیرلیش ارطغرل‘ کو اُردو زبان میں ڈب کرکے یکم رمضان سے ’ارطغرل غازی‘ کے نام سے سرکاری ٹی وی پر نشر کیا جارہا ہے۔






دُنیا بھر میں پذیرائی حاصل کرنے والی تُرک سیریز ’ارطغرل غازی‘ کو پاکستان بھر میں بھی خوب مقبولیت حاصل ہو رہی ہے۔ 

تازہ ترین