پاکستان فلم و ٹی وی انڈسٹری کے معروف اداکار افضل خان عرف جان ریمبو نے مقبول ترین تُرک سیریز ’ارطغرل غازی‘ جیسا کام کرنے کی خواہش ظاہر کردی۔
مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پرجاری کردہ اپنے پیغام میں جان ریمبو نے ’ارطغرل غازی‘ کے لیے اپنی پسندیدگی کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ’ارطغرل غازی کی تعریف میں کہنے کے لیے میرے پاس الفاظ نہیں ہیں۔‘
جان ریمبو نے اپنی خواہش ظاہر کرتے ہوئے لکھا کہ ’ایسا کام دیکھ کر دل کو حسرت ہوتی ہے کہ کاش ہمیں بھی ایسا کام کرنے کا موقع ملتا اور کاش ہم سے بھی ایسا کوئی کام لیا جاتا۔‘
اداکار نے مزید لکھا کہ ’ہماری انڈسٹری میں تو سب کو ایک جیسا کام دے دے کر فنکاروں پر نقل کرنے کی مہر لگا دیتے ہیں۔‘
اِس سے قبل معروف اداکار اسد صدیقی نے بھی اپنے ٹوئٹر پیغام میں ’ارطغرل غازی‘ اور اس کا سیکویل ’کرلوس عثمان‘ جیسے پروجیکٹس میں کام کرنے کی خواہش ظاہر کی تھی۔
ٹوئٹر پیغام میں اسد صدیقی نے لکھا تھا کہ ’مجھے اِس طرح کے پروجیکٹس میں کام کرکے بہت خوشی ہوگی جس کے ذریعے مسلم دُنیا کی تاریخ کے ساتھ اسلامی تعلیمات بھی دُنیا تک پہنچائی جارہی ہیں۔‘
یاد رہے کہ گزشتہ روز اداکار عثمان خالد بٹ نے بھی ’ارطغرل غازی‘ کی تعریف میں ٹوئٹر پراپناپیغام جاری کیا تھا۔
عثمان خالد بٹ نے لکھا تھا کہ ’میں نے بہت سے تُرکش ڈرامے دیکھے ہیں لیکن ارطغرل غازی کی بات ہی الگ ہے۔‘
دُنیا بھر میں پذیرائی حاصل کرنے والی تُرک سیریز ’دیرلیش ارطغرل‘ کو پاکستان بھر میں بھی خوب مقبولیت حاصل ہو رہی ہے اور اِس سیریز نے پاکستان میں مقبولیت کے نئے ریکارڈ ز قائم کرلیے ہیں۔
واضح رہے کہ اسلامی فتوحات پر مبنی شہرہ آفاق تُرک سیریز ’دیرلیش ارطغرل‘ کو وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر اُردو زبان میں ڈب کرکے یکم رمضان سے ’ارطغرل غازی‘ کے نام سے سرکاری ٹی وی پر نشر کیا جارہا ہے۔