• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حمزہ علی عباسی نے تُرک سیریز ’ارطغرل غازی‘ کے ساؤنڈ ٹریک کی دُھن بجالی


پاکستان فلم اور ڈراما انڈسٹری کے معروف اداکار حمزہ علی عباسی نے گِٹار پر اسلامی تاریخ پر مبنی مشہور تُرک سیریز ’ارطغرل غازی‘ کے ساؤنڈ ٹریک کی دُھن بجائی جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

اسلامی تاریخ پر مبنی مشہور تُرک سیریز ’دیرلیش ارطغرل‘ جسے وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر اُردو زبان میں ڈب کرنے کے بعد ’ارطغرل غازی‘ کے نام سے سرکاری ٹی وی پر یکم رمضان سے نشر کیا جارہا ہے اور دن بدن یہ تُرک سیزیز پاکستانیوں میں بےحد مقبول ہوگئی ہے۔

’ارطغرل غازی‘ کی اِس مقبولیت کو دیکھتے ہوئے جیو انٹرٹینمنٹ کے مقبول ترین ڈراما سیریل ’الف‘ میں مومن کا کردار ادا کرنے والے اداکار حمزہ علی نے بھی حال ہی میں انتہائی منفرد انداز میں اِس تُرک سیریز سے اپنی محبت کا اظہار کردیا۔

حمزہ علی عباسی نے گیٹار پر ’ارطغرل غازی‘ کے ساؤنڈ ٹریک کی دُھن بجائی جبکہ اُن کی اہلیہ نیمل خاور عباسی نے اپنے شوہر کی ویڈیو ریکارڈ کی جس کے بعد یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی اور صارفین حمزہ علی عباسی کے اِس منفرد انداز کو بےحد پسند بھی کر رہے ہیں۔

دوسری جانب اسلامی تاریخ پر مشتمل سیریز ’ارطغرل غازی‘ کو پاکستانیوں کی جانب سے بہت پسند کیا جارہا ہے جس کا اندازہ مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر پاکستانیوں کے ٹوئٹس سے لگایا جاسکتا ہے جو ہیش ٹیگ ارطغرل استعمال کرکے اِس تُرک سیریز کے لیے اپنی پسندیدگی کا اظہار کر رہے ہیں۔

یاد رہے کہ تُرک سیریز ’ارطغرل غازی‘  کو پہلی بار 2014 میں تُرکی کے سرکاری ٹی وی پر نشر کیا گیا تھا اور اِس سیریز کو پاکستان میں اردو میں نشر کرنے سے قبل 60 مختلف زبانوں میں نشر کیا جاچکا ہے۔

پاکستان میں تُرک سیریز ’اطغرل غازی‘ یکم رمضان سے روزانہ 7 بج کر 45 منٹ پر سرکاری ٹی وی پر نشر کیا جاتا ہے، اِس سیریز کے دُنیا بھر میں لاتعداد مسلمان شائقین ہیں کیونکہ ’ارطغرل غازی‘ میں دِکھایا گیا ہے کہ مسلمان کتنے بہادر تھے اور کس طرح تاریخ میں مسلمانوں نے کفار کو شکست دی اور فتح حاصل کرنے کے لیے اللّہ کی راہ میں شہید ہوئے۔

تازہ ترین