پاکستان فلم اور ڈراما انڈسٹری کے معروف اداکار عثمان خالد بٹ نے پاکستان میں مقبولیت کے جھنڈے گاڑنے والی تُرک سیریز ’دیرلیش ارطغرل‘ کی تعریف میں مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر اپنا پیغام جاری کردیا۔
’ارطغرل غازی‘ کی تعریف میں جاری کردہ اپنے پیغام میں عثمان خالد بٹ نے کہا کہ ’میں نے بہت سے تُرکش ڈرامے دیکھے ہیں لیکن ارطغرل غازی کی بات ہی الگ ہے۔‘
عثمان خالد بٹ نے اپنے مداحوں سے ارطغرل غازی کی خاصیت دریافت کرتے ہوئے لکھا کہ ’کیا یہ گیم آف تھورونز کی طرح ہے؟‘
اداکار نے اپنے مداحوں سے پوچھا کہ’’ارطغرل غازی‘ میں کیا چیز خاص ہے؟ اِس کی عمدہ کاسٹ اور کہانی یا پھر اِس سیریز میں جو روایات دکھائی گئیں ان کا احترام؟‘
اُن کے اِس ٹوئٹ پر ایک مداح نے سوال کیا کہ آپ ’ارطغرل غازی‘اُردو ڈبنگ میں دیکھ رہے ہیں یا پھر سب ٹائٹلز کے ساتھ؟
مداح کے اِس سوال پر عثمان خالد بٹ نے کہا کہ ’میں ہمیشہ سے سب ٹائٹلز یعنی ذیلی عنوان کو ترجیح دیتا ہوں۔‘
دوسری جانب پاکستان ٹی وی انڈسٹری کی نامور اداکارہ انوشے اشرف نے بھی ٹوئٹر پر ’ارطغرل غازی‘ کی کاسٹ کے حوالے سے ایک مثبت پیغام جاری کیا۔
ٹوئٹر پر جاری کردہ اپنے پیغام میں انوشے اشرف نے لکھا کہ ’ارطغرل غازی کے اداکاروں کے شائقین میں دس گنا اضافہ ہوگیا ہے۔‘
انوشے اشرف نے ارطغرل غازی کے اداکاروں کو مبارکبا دیتے ہوئے لکھا کہ ’سب سے زیادہ پاکستانیوں نے ان کے لیے اپنی محبت کا اظہار کیا ہے۔‘
اِس سے قبل انوشے اشرف نے’ارطغرل غازی‘ میں حلیمہ سلطان کا مرکزی کردار اداکرنے والی اسراء بلجیک سے پاکستانیوں کے رویے پر معذرت کرتے ہوئے اپنے پیغام میں لکھا تھا کہ کہ پاکستانیوں کے منافقانہ رویے سے وہ تہہ دل سے معذرت خواہ ہیں۔
یاد رہے کہ اسلامی فتوحات پر مبنی شہرہ آفاق تُرک سیریز ’دیرلیش ارطغرل‘ کو وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر اُردو زبان میں ڈب کرکے یکم رمضان سے ’ارطغرل غازی‘ کے نام سے سرکاری ٹی وی پر نشر کیا جارہا ہے اور اِس سیریز نے پاکستان میں مقبولیت کے نئے ریکارڈ ز قائم کرلیے ہیں۔