سانحہ ہزارہ ٹاؤن میں انسانیت کی شہادت اور تذلیل ہوئی، تحریک انصاف

June 02, 2020

کوئٹہ (پ ر)پاکستان تحریک انصاف کے جاری کردہ بیان میں ہزارہ ٹائون میں رونما ہونے والے سانحہ کی مذمت کرتے ہوئے کہاگیاہے کہ اس سانحہ میں صرف بلال کی شہادت نہیں ہوئی بلکہ انسانیت کی شہادت اور اس کی تذلیل ہوئی ہے ،سانحہ میں ملوث وحشی درندوں کوکیفرکردار تک پہنچانے اور موقع پر موجود پولیس اہلکاروں کو معطل کرتے ہوئے انہیں نشان عبرت بنایاجائے اور قبائلی وسیاسی عمائدین معاملے کی سنگینی کومدنظررکھتے ہوئے اس کے حل کیلئے کرداراداکریں تاکہ فرقہ پرستی اور خانہ جنگی کی جو ہوا چل پڑی ہے اس کی روک تھام ممکن ہو۔بیان میں کہاگیاہے کہ گزشتہ روز ہزارہ ٹائون میں پشتون نوجوانوں پر سینکڑوں کی تعداد میں وحشی درندوں کی جانب سے تشدد اور اس میں بلال کی شہادت و دو کو زخمی کرنے کی مذمت کرتے ہیں اس سانحہ میں صرف بلال کی شہادت نہیں بلکہ انسانیت کی شہادت اور اس کی تذلیل ہوئی ہے ،بیان میں کہاگیاہے کہ سانحہ میں ملوث تمام ملزمان کو گرفتار کرکے انہیں نشان عبرت بنایاجائے تاکہ کوئٹہ شہر کے امن کو خراب کرنے کی دوبارہ کوئی کوشش نہ کریں ۔اگر اس بار حکومت کی جانب سے قاتلوں کی سہولت کار بننے والوں کو سزا نہ ملی تو اس کے انتہائی بھیانک نتائج برآمد ہونگے ،کسی بھی گروہ کو کسی بھی حوالے سے قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں ہے ،ہزارہ برادری کی طرف سے عمائدین کو معاملے کو سلجھانے کیلئے کرداراداکرنے کی ضرورت ہے بصورت دیگر معاملہ سنگین صورتحال اختیارکرسکتاہے ،بیان میں کہاگیاکہ 400لوگوں کی تین نہتے لوگوں پر تشدد کے دوران ایک کو قتل اور دو کو شدید زخمی کرنے اور بعد میں سفاکیت کا مظاہرہ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے تاکہ کوئٹہ شہر کی امن وامان کو دوبارہ کوئی خراب کرنے کی کوشش نہ کریں ۔