نیب آزاد ہے، حکومت کا کوئی لینا دینا نہیں، فیاض الحسن

June 02, 2020

نیب آزاد ہے، حکومت کا کوئی لینا دینا نہیں، فیاض الحسن

حکومتِ پنجاب کے ترجمان فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ قومی احتساب بیورو (نیب) ایک آزاد ادارہ ہے لیکن اسے وزیراعظم عمران خان سے جوڑا جارہا ہے۔

جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ نیب سے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت کا کوئی لینا دینا نہیں ہے۔

فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ نیب کو پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) نے بنایا ہے۔

ترجمان پنجاب حکومت نے کہا کہ نیب کا حکومت سے کوئی لینا دینا نہیں ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے نیب میں ایک نائب قاصد بھی بھرتی نہیں کیا۔

واضح رہے کہ نیب کی ٹیم مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کو گرفتار کرنے کے لیے نیب کی ٹیم ماڈل ٹاؤن میں ان کی رہائش گاہ پہنچی تھی۔

شہباز شریف کی ماڈل ٹاؤن 96 ایچ میں عدم موجودگی پر ٹیم وہاں سے واپس روانہ ہوگئی تھی۔

اس حوالے سے ردِ عمل دیتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا تھا کہ نیب کی شہباز شریف کے خلاف کارروائی انتقام پر مبنی ہے، ن لیگ کی قیادت ان ہتھکنڈوں کا مقابلہ کرے گی۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ نیب نیازی گٹھ جوڑ سے پوری قوم واقف ہے، پاکستان میں اس وقت سرکس لگی ہوئی ہے، یہ چینی چوری سے توجہ ہٹانا چاہتے ہیں۔