• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیب کی کارروائی انتقام پر مبنی ہے، مقابلہ کریں گے، مریم اورنگزیب

نیب کی کارروائی انتقام پر مبنی ہے، مقابلہ کریں گے، مریم اورنگزیب


پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ نیب کی شہباز شریف کے خلاف کارروائی انتقام پر مبنی ہے، ن لیگ کی قیادت ان ہتھکنڈوں کا مقابلہ کرے گی۔

ماڈل ٹاؤن لاہور میں لیگی صدر شہباز شریف کی رہائش گاہ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ ’نیب نیازی گٹھ جوڑ سے پوری قوم واقف ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اس وقت سرکس لگی ہوئی ہے، یہ چینی چوری سے توجہ ہٹانا چاہتے ہیں۔

مریم اورنگزیب نے شہباز شریف کی گرفتاری کے لیے آئی ہوئی نیب ٹیم کی کارروائی پر ردِ عمل دیتے ہوئے کہا کہ ماڈل ٹاؤن میں اس وقت کرفیو نافذ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ن لیگ کے کارکنوں پر لاٹھی چارج کیا گیا۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ شہباز شریف نے آج نیب میں پیش ہونا تھا، ان کی ضمانت کے لیے لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر ہے، جس پر سماعت کل ہونی ہے۔

لیگی ترجمان کا کہنا تھا کہ نیب کی شہباز شریف کے خلاف کارروائی انتقام پر مبنی ہے، ن لیگ کی قیادت ان ہتھکنڈوں کا مقابلہ کرے گی۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ چیئرمین نیب سن لیں، نیب کی ٹیم شہباز شریف کو گرفتار کرنے آئی ہے تو عوام عمران خان کو گرفتار کرنے بنی گالہ جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ نیب کی کارروائی سیاسی انتقام ہے، ایک روپے کی کرپشن ثابت نہیں ہوئی تو آج کیوں یہ سرکس لگایا گیا؟

ان کا کہنا تھا کہ نیب کی تمام کارروائیاں بدنیتی پر مبنی ہیں، عمران خان کے حکم پر نیب کی کارروائی ہورہی ہے، نیب نیازی گٹھ جوڑ کے باوجود شہباز شریف نیب کے سامنے پیش ہوتے رہے۔

واضح رہے  کہ نیب کی ٹیم مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کو گرفتار کرنے کے لیے نیب کی ٹیم ماڈل ٹاؤن میں ان کی رہائش گاہ پہنچی تھی۔

شہباز شریف کی ماڈل ٹاؤن 96 ایچ میں عدم موجودگی پر ٹیم وہاں سے واپس روانہ ہوگئی تھی۔

تازہ ترین