اسپیس ایکس راکٹ کے خلانورد، خلائی اسٹیشن پہنچ گئے

June 15, 2020

ایلون مسک کی نجی کمپنی اسپیس ایکس کے ذریعے دو خلانوردوں کو انٹرنیشنل اسپیس اسٹیشن (آئی ایس ایس) میں بھیجا گیا ہے۔ ماہرین نے اسے ایک تاریخی قدم قراردیا ہے، جس میں پہلی مرتبہ اسپیس ایکس کمپنی نے اپنا بھرپور کردار ادا کیا ہے۔ ناسا کے دو خلانورد ڈوگ ہرلے اور بوب بیہن کن ڈریگن خلائی سواری کے ذریعے آئی ایس ایس کے مدار میں پہنچائے گئے ، اس کے بعد خلانورد اب آئی ایس ایس میں قدم رکھ چکے ہیں۔اس سے قبل اسپیس ایکس کمپنی نے اپنے راکٹ اور پورے نظام کی آزمائش کی اور 2012 ءسے 2019ء تک آئی ایس ایس تک 20 پروازیں کیں اور وہاں سامان پہنچایا۔

اس دوران ڈریگن پے لوڈ سسٹم کو بہتر سے بہتر بنایا گیا اور اس کے ڈیزائن میں بھی کئی تبدیلیاں کی گئیں۔ پھر مئی 2014 ءمیں ایلون مسک نے سات افراد کے لیے ایک ڈریگن کیپسول کا ڈیزائن پیش کیا جو بڑی حد تک اپالو خلائی گاڑی جیسا تھا۔ تاہم ڈریگن کو زائد وزن اور افراد لے جانے کے لیے تیار کیا گیا تھا۔ ڈریگن کیپسول خلانوردوں کو دوبارہ زمین تک لائے گا اور اس میں 16 تھرسٹر لگائے گئے ہیں جو اس سواری کو مدار میں اپنے ہدف تک سفر میں مدد دیتے ہیں۔

اسپیس ایکس کمپنی کا کہنا ہے کہ اس کے ڈیزائن کو ہم نے تبدیل کرکے اسے اکیسویں صدی کے خلائی جہاز کا روپ دیا ہے۔ اندرونی جانب جگہ جگہ ٹچ اسکرین لگے ہیں جو مختلف کنٹرول فراہم کرتے ہیں۔ ڈریگن خلائی کیپسول کی زمین پر واپسی ایک بہت بڑا چیلنج بھی ہوگی ،کیوں کہ وہ زمین پر آواز کی 25 گنا رفتار سے سفر کرتا ہوا سمندر میں گرے گا ۔ اس عمل میں کیپسول کی سطح زبردست حد تک گرم ہوجائے گی۔