آتش فشانی شیشے کے اسپرے سے ملیریا بردار مچھروں کا خاتمہ

June 22, 2020

ملیریا کا باعث بننے والے مچھروں کا خاتمہ کرنے کےلیے سائنسدانوں نے حال ہی میں کچھ منفرد اور کامیاب تجربات کیے ہیں جن میں آتش فشانی شیشے کا باریک سفوف پانی میں ملاکر اسپرے کی شکل میں استعمال کیا گیا ہے۔تحقیق میں ماہرین نے بتا یا ہے کہ آتش فشانی شیشے ’’پرلائٹ‘‘ کے باریک سفوف (پاؤڈر) کو پانی میں اچھی طرح حل کرنے کے بعد جب گھروں کے اندر اسپرے کیا گیا تو اس سے 75 فی صد مچھر ہلاک ہوگئے، جب کہ مچھروں کی اگلی نسلوں میں اس کے خلاف مزاحمت بھی پیدا نہیں ہوئی۔اس اسپرے کے کئی تجربات بینن کے گھنے جنگلات میں واقع قصبوں اور دیہات میں کیے گئے۔

اس دوران گھروں کو چار زمروں میں تقسیم کیا گیا: پہلے گھر وہ جن میں صرف پرلائٹ سفوف اور پانی کا اسپرے کیا گیا، دوسرے وہ جن میں پرلائٹ سفوف اور پانی کے ساتھ روایتی مچھر مار دوا کا اسپرے بھی کیا گیا،تیسرے وہ جن میں صرف روایتی مچھر مار دوا کا چھڑکاؤ کیا گیااور چوتھے وہ جن میں کسی دوا کا کوئی اسپرے نہیں کیا گیا۔ تھوڑے تھوڑے دنوں کے بعد اسپرے کا عمل دہرایا جاتا رہا۔چھ ماہ تک جاری رہنے والے ان تجربات سے معلوم ہوا کہ جن کہ گھروں میں پرلائٹ سفوف اور پانی کا آمیزہ یا ان دونوں کے ساتھ اضافی طور پر روایتی مچھر مار دوا کا اسپرے کیا گیا، ان گھروں میں مچھروں کے خاتمے کی شرح چھ ماہ بعد بھی 80 فی صد سے زیادہ رہی جب کہ وہ گھر جن میں صرف روایتی مچھر مار دوا اسپرے کی گئی۔

ان میں مچھروں کے خاتمے کی شرح ابتدائی دنوں میں 45 فی صد سے کم ہوکر آخری مہینے میں 25 فی صد رہ گئی۔ماہرین کے مطابق آتش فشانی شیشے کے باریک سفوف اور پانی کا آمیزہ بڑے جانوروں اور انسانوں کےلیے بے ضرر ہے۔ البتہ یہ مچھروں کی ’’کھال‘‘ میں چکنائی والی حفاظتی تہہ کو نقصان پہنچاتا ہے، جس سے مچھروں کا جسم خشک ہونے لگتا ہے اور وہ ڈی ہائیڈریشن کا شکار ہو کر جلد ہی مر جاتے ہیں۔مچھروں کو ہلاک کرنے کا یہ طریقہ نسبتاً کم خرچ ہونے کے ساتھ ساتھ محفوظ بھی ہے ،کیوں کہ مچھر اس کے خلاف مزاحمت پیدا نہیں کر پاتے۔