ثانیہ مرزا بابر اعظم پر برہم کیوں؟

June 24, 2020

بھارتی ٹینس اسٹار اور قومی کرکٹر شعیب ملک کی اہلیہ ثانیہ مرزا نے قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کی جانب سے انہیں ’پسندیدہ بھابھی‘ نہ کہنے پر مصنوعی غصے کا اظہار کرتے ہوئے مارنے کی دھمکی دے دی۔

ہوا کچھ یوں کہ شعیب ملک تصدیق شدہ انسٹاگرام اکاؤنٹ پر کرکٹر بابر اعظم سے لائیو سیشن پر گفتگو کررہے تھے اور بابر اعظم شعیب ملک کی جانب سے پوچھے گئے سوالات کے جوابات دے رہے تھے۔

لائیو سیشن کے دوران دونوں کرکٹرز اپنے تجربات اور ذاتی زندگی کے حوالے سے مداحوں کو آگاہ کررہے تھے۔

سوال جواب کے دوران شعیب ملک نے بابراعظم سے پوچھا کہ قومی کرکٹ ٹیم میں جتنے بھی شادی شدہ کرکٹرز ہیں ان کی بیویوں میں سے وہ کس بھابھی کو سب سے زیادہ پسند کرتے ہیں۔

بابر اعظم نے بڑا سوچ سمجھ کے جواب میں سرفراز احمد کی اہلیہ خوشبخت سرفراز کا نام لیا۔

اس جواب کے ساتھ ہی شعیب ملک کی اہلیہ نے لائیو سییشن کے دوران کمنٹ سیکشن میں مذاق مذاق میں ناراضی کا اظہار کیا اور کہا کہ میں تمہیں قتل کردوں گی۔

یہی نہیں ثانیہ مرزا نے ایک اور کمنٹ کرتے ہوئے لکھا کہ اب انہیں ثانیہ مرزا کے گھر صوفے پر سونے کی اجازت بھی نہیں ہوگی۔

اس بات پر سابق پاکستانی کرکٹر اظہر محمود کی بیوی ایبا قریشی نے بھی خود کو فیورٹ بھابی کے طور پر منتخب نہ کرنے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ اب ان کو اب ان کے گھر آنے کی بھی ضرورت نہیں۔

دوسری جانب سرفرا احمد کی اہلیہ خوشبخت نے بابر اعظم کا شکریہ اپنے ایک ٹوئٹ کے ذریعے ادا کیا۔