جنگ گروپ کی قومی خدمات، حکومت رویہ پر نظرثانی کرے، مقررین

July 05, 2020

کراچی/ لاہور/ راولپنڈی (نمائندگان جنگ) میڈیا کے بغیر جمہوریت نہیں چل سکتی ،میر شکیل الرحمٰن کے ساتھ ناانصافی ہو رہی ہے،فیصلے پر نظرثانی کی جائے، انہیں ڈکٹیشن نہ لینے کی سزا دی جارہی ہے۔ پاکستان کا ہر شہری میر شکیل الرحمٰن کے ساتھ ہونے والے ناانصافی پر آواز بلند کررہا ہے، جنگ اور جیو گروپ کے ایڈیٹر انچیف کیخلاف بے بنیاد ریفرنس بنانے سے نیب کے ریفرنسز کی ساکھ متاثر ہوئی ہے، میر شکیل الرحمٰن قومی ہیرو کے طور پر ابھرے ہیں،میڈیا کے حوالے سے میرخاندان کی خدمات قابل قدر ہیں، یہ واحد خاندان ہے جسکی تین نسلیں اس پیشے سے منسلک ہیں، میر شکیل الرحمٰن کیخلاف کیس جھوٹا، فوری رہا کیا جائے۔ان خیالات کا اظہار لاہور، راولپنڈی میں ہونے والے احتجاجی مظاہروں میں کیا گیا۔ علاوہ ازیں معروف بزنس مین عارف حبیب نے کہا ہے کہ میڈیا کے حوالے سے میرخاندان کی خدمات قابل قدر ہیں، یہ واحد خاندان ہے جسکی تین نسلیں اسے پیشے سے منسلک ہیں، میرشکیل الر حمٰن کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہیں اور انکی فوری رہائی کا مطالبہ کرتے ہیں، میرشکیل ایک بزنس مین ہیں اور انہیں بزنس مین کی حیثیت سے ٹریٹ کیا جانا چاہئے تھا لیکن ساڑھے تین ماہ سے زائد عرصے کی گرفتاری سے ظاہر ہوتا ہے کہ معاملات درست نہیں۔ جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین عارف حبیب گروپ کا کہنا ہے کہ میرشکیل الر حمٰن ایک بزنس مین ہیں اور ان کا بزنس پاکستان میں ہے اور اس سے وابستہ کئی ہزار خاندان پل رہے ہیں انکی گرفتاری سے بزنس مین کمیونٹی بھی پریشان ہے کیونکہ انکے ساتھ بزنس مینوں والا رویہ اختیار نہیں کیا جارہا ہے ساڑھے تین ماہ سے زائد وقت ہوگیا ہے انہیں ضمانت پر رہا کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ جو بھی کیس ہے وہ چلایا جائے۔ وہ خود بھی نیب سے تعاون کررہے ہیں اور اور یقین سے کہہ سکتا ہوں کہ وہ رہا ہونے کے بعد بھی کرینگے۔ ہمیں توقع رکھنی چاہئے کہ انہیں قوانین کے مطابق انصاف ملے گا۔ جنگ اخبار کے بانی میرخلیل الر حمٰن صاحب نے اخبار کے ذریعے قیام پاکستان کے وقت سے ملک کی خدمت کی اور اب میرشکیل الرحمٰن اور ان کےبعد میرابراہیم نے میڈیا کی باگ ڈور سنبھال لی ہے اور کامیابی سے اس سلسلے کو آگے بڑھا رہے ہیں۔ میرخاندان کی تین نسلوں نے اس ملک کی خدمت کی ہے اس کا خیال رکھتے ہوئے میرشکیل الرحمٰن کو فوری رہا کیا جائے۔