کورونا کی موجودگی میں احتیاط کے ساتھ کاروبار کرنے کی مثال

July 05, 2020

کورونا وائرس نے زندگی کا پہیہ جام کردیا، کم و بیش سب ہی کاروبار ٹھپ کردیے ہیں ، مگر لاہور کی ایک پٹرولیم کمپنی اور اسلام آباد کے باربر سیلون نے عملی اقدام سے ثابت کیا ہے کہ کس طرح کسٹمرز کا اعتماد بحال کرکے ان حالات میں بھی بزنس جاری رکھا جاسکتا ہے۔

کورونا ہی کے ساتھ زندگی بسر کرنی ہے تو کیوں نہ ایسا کام کیا جائے کہ کام کاج بھی چلتے رہیں اور جان بھی محفوظ رہے۔

اس سلسلے میں لاہور میں پٹرولیم کمپنی نے نہ صرف اپنے پمپس پر صارفین کو کورونا سے بچاؤ کے لیے گلوز اور ماسک کی مفت فراہمی شروع کی بلکہ گاڑیوں کو بھی ڈس انفیکٹ بھی کرنا شروع کردیا۔

پٹرولیم کمپنی اس سہولت کا دائرہ جلد دیگر شہروں تک پھیلانے کا ارادہ رکھتی ہے۔

دوسری طرف کورونا پھیلنے کے خدشات پر بیوٹی پارلرز اور سیلون کا کاروبار بری طرح متاثر ہوا۔

تاہم اسلام آباد کے ایک باربر سیلون میں ایسی احتیاط اپنائی جاتی ہیں کہ آنے والے ٹینشن فری ہوکر سروس سے فائدہ اٹھاتے ہیں۔

کام کرنے والے ہاتھوں پر گلووز، چہرے پر ماسک اور پرسنل پروٹیکشن کٹ پہنتے ہیں، واک تھرو گیٹ سے سینیٹائز ہوتے ہی کسٹمر کو بھی ماسک اور گلوز پہنادیے جاتے ہیں۔

کورونا کا پھیلاؤ اب بھی جاری ہے اور ویکسین آنے تک احتیاط ہی واحد راستہ ہے، سمجھداری اور ذمہ داری کا مظاہرہ کیا جائے تو کوئی وجہ نہیں کہ آہستہ آہستہ ہر شعبے میں کام رواں دواں ہوگا۔