پریکٹس میچ شروع، مختلف ٹارگیٹس کیساتھ کرکٹرز کی آزمائش، وقار اور یونس امپائرنگ کرتے رہے

July 06, 2020

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستانی کرکٹ ٹیم نے انگلینڈ پہنچنے کے بعد ووسٹر کے نیو روڈ گرائونڈ میں دو روزہ انٹرا اسکواڈ کے میچ کے انداز میں پہلے دن اپنے کئی کمبی نیشن آزمائے۔ آئی سی سی کی جانب سے نئے قوانین پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لئے بولنگ کوچ وقار یونس اور بیٹنگ کوچ یونس خان نے امپائرنگ کی۔ بولروں کو تھوک استعمال کرنے کی اجازت نہیں تھی۔ اتوار کو دو روزہ انٹرا اسکواڈ میچ میں بیٹسمینوں اور بولرز کو مختلف ٹارگٹ دیے گئے۔ اوپننگ جوڑی کو لمبی پارٹنر شپ اور مڈل آڈر پلیئر کو بھی صورتحال کے مطابق ہدف دیے گئے۔ میچ میں 90،90اوورز کا کھیل ہوگا۔ پی سی بی کا کہنا ہے کہ جمعے کو ووسٹر پہنچنے والے پاکستانی کھلاڑیوں کے کوویڈ 19 ٹیسٹ منفی آنے کے بعد تمام چھ کھلاڑیوں نے قومی اسکواڈ کو جوائن کرلیا ہے۔ محمد حفیظ، وہاب ریاض، فخر زمان، محمد رضوان ، شاداب خان اور محمد حسنین کےٹیسٹ کے نتائج منفی آنے کے بعد کھلاڑیوں کو پریکٹس کی اجازت مل گئی۔ ان کرکٹرز نے اتوار کو جم سیشن میں حصہ لیا ضرورت پڑنے پر ان کرکٹرز کو پیر کو میچ میں موقع دیا جاسکتا ہے۔ محمد رضوان ٹیسٹ ٹیم کا حصہ ہیں اس لئے ان کو موقع دیا جاسکتا ہے۔ حیدر علی، عمران خان ، کاشف بھٹی اور مساجر ملنگ علی کے دونوں ٹیسٹ منفی آگئے ہیں ۔ ذرائع کے مطابق تینوں بدھ کی صبح انگلینڈ روانہ ہونگے۔ انٹرا اسکواڈ میچ کے پہلے دن ،پہلے سیشن میں اوپنرز عابد علی اور شان مسعود نے بیٹنگ کی۔ لنچ کے بعد دوسرے سیشن میں بابر اعظم اور اسد شفیق نے باری لی۔ تیسرے سیشن میں دو گھنٹے سرفراز احمد اور فواد عالم نے بولنگ کا مقابلہ کیا۔ بولروں میں شاہین شاہ، نسیم شاہ، محمد عباس، فہیم اشرف اور یاسر شاہ نے بولنگ کی۔مصباح الحق کا کہنا ہے کہ کھلاڑی چار ماہ بعد میچ کھیل رہے تھے اس لئے انہیں میچ جیسی صورتحال میں بھرپور موقع دیا گیا۔