کانیے ویسٹ نے امریکی صدارتی انتخابات لڑنے کا اعلان کردیا

July 06, 2020

کانیے ویسٹ نے امریکی صدارتی انتخابات لڑنے کا اعلان کردیا

لاس اینجلس(مانیٹرنگ ڈیسک)معروف امریکی ریپر، گلوکار، انٹرپرینیور، پروڈیوسر اور دنیا میں سب سے زیادہ کمائی کرنے والی 100 شخصیات میں شامل 43 سالہ کانیے ویسٹ نے رواں سال ہونے والے امریکی صدارتی انتخابات لڑنے کا اعلان کردیا۔ماضی میں بھی امریکا کی معروف شوبز و فیشن کی شخصیات صدارتی انتخابات کے لیے میدان میں اترتی رہی ہیں۔جب کہ کانیے ویسٹ خود بھی متعدد بار یہ عندیہ دے چکے تھے کہ وہ 2024کے امریکی صدارتی انتخابات میں ممکنہ طور پر میدان میں اتریں گے۔تاہم انہوں نے رواں سال نومبر میں ہونے والے انتخابات سے محض 4 ماہ قبل انتخابی دنگل میں اترنے کا اعلان کرکے کئی لوگوں کو حیران کردیا۔میڈیاکے مطابق کانیے ویسٹ نے اپنی ایک ٹوئٹ کے ذریعے صدارتی انتخابات لڑنے کا اعلان کیا اور گلوکار کے اعلان پر ایلون ماسک جیسی معروف شخصیات نے انہیں ساتھ دینے کی یقین دہانی بھی کروائی۔کانیے ویسٹ نے 5 جولائی کی صبح کو اپنی ٹوئٹ میں امریکا کے یوم آزادی کے موقع پر صدارتی انتخابات لڑنے کا اعلان کیا۔انہوں نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ ہمیں خدا پر یقین کرتے ہوئے، اپنے وژن پر فوکس کرتے ہوئے بہتر امریکا کے لیے کام کرنے کی ضرورت ہے۔ساتھ ہی انہوں نے امریکی صدارتی انتخابات 2020لڑنے کا اعلان کرتے ہوئے امریکی جھنڈے اور وژن 2020کے ہیش ٹیگ کا استعمال بھی کیا۔ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ انہوں نے صدارتی انتخابات میں حصہ لینے کی بات مزاح کے طور پر کہی یا وہ واقعی اس بار اپنے پسندیدہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور حریف جوبائیڈن کے خلاف میدان میں اترنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔امریکی صدارتی انتخابات3نومبر کو ہونے ہیں اور انتخابات میں آزاد امیدواروں کی متعدد ریاستوں میں رجسٹریشن کی آخری تاریخ 4جولائی 2020 تھی۔