اسلام رواداری سے پھیلا، مندر کو تنازع نہ بنایا جائے ،حامد موسوی

July 07, 2020

اسلام آباد(خصوصی نمائندہ ) قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا ہے کہ اسلام انتہاپسندی سے نہیں رواداری اوردانشمندی سے پھیلا۔ اسلام آباد میں ہندو مندر کو تنازع نہ بنایا جائے ، اگر اقلیتوں کو اپنی حدود کے اندر عبادات کرنے کیلئے مندر گوردوارے گرجے تعمیر کر کے دینے سے دین اور ملک کی نیک نامی ہو تو ایساکرنا جائز ہے ۔ ریاست تنگ نظری اور انتہا پسندی کے ہاتھوں بلیک میلنگ کا شکار نہ ہو ، اسلام کا یہ درس ہے کہ دوسرے کیلئے وہی پسند کروجو اپنے لئے کرتے ہو، اگر چند سو ہندوؤں کی عبادات پر اعتراض کیا گیا تو غیر ممالک میں کروڑوں مسلمانوں کی مساجد عبادتگاہوں اور مراکز کا جواز بھی ختم ہو جائے گا ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مخدوم حیدر عباس بخاری اور سردار نوید بلوچ کی قیادت میں جھنگ کے عمائدین سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ اگر غیر مسلم ممالک میں مسلمانوں کو تبلیغی سرگرمیوں کی اجازت حاصل ہے تو وہ مسلم ممالک میں بھی غیر مسلموں کو حدود کے اندر عبادات کی سہو لتیں فراہم کرنی چاہئیں۔ شدت پسندی کا مظاہرہ کرکے دوسرے ممالک میں بسنے والے مسلمانوں کیلئے مسائل کھڑے کئے نہ جائیں اور اسلام کو بدنا م نہ کیا جائے ۔