صنم اور ایمان مریم نواز کی بائیوپک کیلئے کیوں موزوں نہیں؟

July 08, 2020

مسلم لیگ نون کی رہنما حنا پرویز بٹ کا کہنا ہے کہ پاکستان شوبز انڈسٹری کی نامور اداکارہ صنم سعید اور ایمان علی سانولی رنگت کی وجہ سے مریم نواز پر بننے والی فلم میں لیڈنگ رول کرنے کے لیے مناسب نہیں۔

انہوں نے اپنے انٹرویو میں پوچھے گئے سوال کہ مریم نواز کی بائیو پکچر میں پاکستان کی کون سی اداکارہ کو لیڈنگ رول میں دیکھنا پسند کریں گی؟ پاکستان اداکاراؤں کو منتخب کرنے کے آپشن دیتے ہوئے مہوش حیات، زارا نور عباس، ماہرہ خان اور حریم فاروق کا نام لیا گیا لیکن نون لیگی رہنما نے تمام آپشنز رد کردیے۔

اس سوال کا جواب دیتے حنا پرویز بٹ نے کہا کہ ان میں سے ماہرہ خان انہیں بہت پسند ہیں مگر وہ بھی یہ رول نہیں کر سکتیں کیونکہ جو مریم نواز کی شخصیت ہے اسے ان میں سے کوئی نہیں نبھا سکتا۔

حنا پرویز بٹ نے یہ بھی کہا کہ انہیں ایمان علی اور صنم سعید بے حد پسند ہیں لیکن اپنی سانولی رنگت کی وجہ سے دونوں ہی مریم نواز کے کردار کیلئے موزوں نہیں۔

واضح رہے کہ حنا پرویز بٹ اپنے ایسے ہی بیانات کے باعث خبروں کا حصہ بنتی رہتی ہیں۔

اس سے قبل انہوں نے مریم نواز کو سلطنت عثمانیہ کے بانی عثمان اول کے والد ارطغرل کی قائدانہ صلاحیتوں کے مشابہہ قرار دیا تھا، حنا پرویز کا یہ ٹوئٹ مختلف حلقوں میں خوب وائرل ہوا تھا۔