اسپین: عبدالستار ایدھی اور برہان وانی کی برسی عقیدت واحترم سے منائی گئی

July 09, 2020

اسپین میں مقیم پاکستانی اور کشمیری کمیونٹی نے مل کر بارسلونا میں تحریک آزادی کشمیر کو اپنی شہادت سے نئی جلا بخشنے والے نوجوان مظفر برہان وانی اور انسانیت کی خدمت کے لئے اپنی زندگی وقف کر دینے والے عبدالستار ایدھی کی برسی کی تقریب انتہائی عقیدت و احترام سے منائی جس میں پاکستانی اور کشمیری کمیونٹی کی کثیر تعدادشریک تھی۔

قونصل جنرل بارسلونا عمران علی چوہدری کی زیر صدارت ہونے والی اس تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا گیا۔ جس کی سعادت رضوان زاہد نے حاصل کی جبکہ نظامت کے فرائض حافظ عبدالرزاق صادق نے ادا کئے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قونصل جنرل بارسلونا عمران علی چوہدری، چوہدری پرویز احمد تریڑوانوالہ، چوہدری احمد خان تریڑوانوالہ، ندائے کشمیر ایسوسی ایشن اسپین کے صدر راجہ مختار سونی، بزنس سیکٹر کے چوہدری امانت حسین مہر، منہاج القران کے محمد اقبال چوہدری، ادارہ ہم وطن کے جاوید مغل، پاکسلونا ایسوسی ایشن کے راجہ شفیق کیانی اور دوسرے مقررین نے اپنے خیالات کا ظاہر کرتے ہوئے عبدالستار ایدھی مرحوم اور مظفر برہان وانی شہید کو زبر دست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔

مقررین کا کہنا تھا کہ عبدالستار ایدھی ایک متوسط اور غریب طبقے سے تعلق رکھنے والے شخص تھے۔ انہوں نے رنگ و نسل سے بالاتر ہو کر دکھی انسانیت کی مثالی خدمت کی۔ انہوں نے صحیح معنوں میں خود کو غریبوں اور بے سہارا لوگوں کی مدد کے لئے وقف کر رکھا تھا۔

مقررین نے کہا کہ عبدالستار ایدھی اور برہان وانی عہد ساز شخصیات تھیں، جنہوں نے انسانیت اور آزادی کے لئے اپنی ساری زندگی دوسروں کے لئے وقف کر دی۔ ایدھی صاحب نے اپنی زندگی انسانیت کے نام کی تو مظفر برہان وانی نے بھی اپنی جان آزادی کشمیر پر قربان کرکے وادی کے نوجوانوں کے اندر تحریک کی نئی شمع روشن کر دی۔

اس موقع پر جنگ سے بات کرتے ہوئے قونصل جنرل بارسلونا کا کہنا تھا کہ کشمیر کاز کو اجاگر کرنے میں بارسلونا ہمیشہ سر فہرست رہا ہے۔ اُس کی وجہ یہ ہے کہ پاکستانی اور کشمیری کمیونٹی قونصل خانہ بارسلونا اور سفارت خانہ میڈرڈ کے ساتھ اکھٹے اور ایک پلیٹ فارم پر کھڑے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آج جن شخصیات کی برسی پر انہیں خراج تحسین پیش کیا گیا ہے وہ اس قابل تھیں، عبدالستار ایدھی کے انسانیت کی فلاح کے کام اور مظفر برہان وانی کی مقبوضہ کشمیر میں بسنے والی اپنی آئندہ نسلوں کے لئے جان کی قربانی تاریخی کام ہیں جنہیں دُنیا کبھی نہیں بھلا پائے گی اور اسی لئے دونوں کی قربانیوں کو رہتی دنیا تک یاد رکھا جائے گا۔

تقریب میں ارشاد اللّٰہ بھٹی، چوہدری امتیاز آکیہ، چوہدری شاہد لطیف گجر، اشرف مغل، توقیر احمد، ابوبکر گوندل اور دوسرے معززین نے خصوصی شرکت کی۔

تقریب کے اختتام پر عبدالستار ایدھی اور مظفر برہان وانی شہید کے درجات کی بلندی کے لئے دعا کی گئی۔