پاکستانی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری سے وابستہ معروف اداکارہ و میزبان نادیہ خان کا کہنا ہے کہ یوٹیوبر ڈکی بھائی کے کیس سے نوجوانوں کو سبق ملے گا کہ شارٹ کٹ کے بجائے محنت کریں۔
حال ہی میں نادیہ خان نے اپنے ایک پروگرام میں حالیہ گیمبلگ ایپس کی غیرقانونی تشہیر کیس کے حوالے سے بات کی اور اسے نوجوانوں کے لیے مثال قرار دے دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ جو لوگ کہتے ہیں کہ پاکستان میں تو کوئی ایکشن نہیں لے گا، یہاں تو آسانی ہے، وہ دیکھیں کہ ڈکی بھائی کو کیسے پوچھا جا رہا ہے اور رجب بٹ کو بھی انٹرپول کے ذریعے پاکستان واپس بلایا جائے گا۔
میزبان نے کہا، "ایسے کروڑوں کا کیا فائدہ جس سے بےعزتی اور ذلت ملے، جو نام بنایا، فینز بنائے وہ آپ سے خفا ہوجائیں۔ دوسرا ڈکی بھائی کو جو مالی نقصان ہو رہا ہے وہ اب اسے کیسے پورا کریں گے۔ جب راتوں رات پیسہ آتا ہے، تو اس کے ساتھ ذمہ داری بھی آتی ہے۔"
ان کا کہنا تھا کہ ایزی منی خطرناک ہے، یہ سب آج کل کے نوجوانوں کے لیے ایک سبق ہے۔ ہمیں والدین نے سیکھایا تھا کہ بغیر محنت کے آسانی کے ساتھ کمایا جانے والا پیسہ ہمیشہ آسانی سے چلا جاتا ہے اور جب پیسہ محنت کرکے آہستہ آہستہ کمایا جاتا ہے تو اس کی قدر ہوتی ہے اور ذمہ داری بھی آتی ہے۔
نادیہ خان نے کہا کہ بحیثیت ماں مجھے تسلی ملی کیونکہ ان یوٹیوبرز خاص طور سے ڈکی بھائی سے ہمارے لاکھوں بچے متاثر ہو رہے تھے، وہ سمجھ رہے تھے کہ تعلیم سے کچھ بھی حاصل نہیں ہوگا، اس کے برعکس وی لاگنگ میں پیسہ اور عیاشی دونوں ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ ایسے بچے اب دیکھیں کہ آج یہ شخص کہاں ہے، ایسے شخص کو آئیڈلائز نہیں کرنا، بلکہ محنت کرنی ہے، پڑھائی پر توجہ دینی ہے اور آہستہ آہستہ، محنت سے پیسہ اور عزت کمانی ہے۔