پاکستان: کورونا کیسز 246351، اموات 5123

July 11, 2020


کورونا وائرس تیزی سے پھیلنے کے باعث پاکستان مریضوں کی تعداد کے حوالے سے ممالک کی فہرست میں 12 ویں نمبر پر آ گیا ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں 2 ہزار 752 نئے کورونا کیسز سامنے آ گئے، جبکہ مزید 65 افراد اس موذی وباء کے ہاتھوں زندگی کی بازی ہار گئے۔

پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 2 لاکھ 46 ہزار 351 ہو چکی ہے، جبکہ اس موذی وباء سے جاں بحق افراد کی کُل تعداد 5 ہزار 123 تک جا پہنچی ہے۔

کورونا وائرس کے ملک میں 88 ہزار 94 مریض اب بھی اسپتالوں، قرنطینہ مراکز اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں، جن میں سے 2 ہزار 156 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے، جبکہ 1 لاکھ 53 ہزار 134 مریض اس بیماری سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔

سندھ میں کورونا کے مریضوں کی تعداد دوسرے صوبوں سے زیادہ 1 لاکھ 2 ہزار 368 ہو چکی ہے، جبکہ یہاں 1 ہزار 713 کورونا مریض جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

پنجاب میں کورونا وائرس کے اب تک 85 ہزار 991 مریض سامنے آئے ہیں جبکہ اس سے ہلاکتیں دیگر صوبوں سے زیادہ 1 ہزار 985 ہو گئیں۔

خیبر پختون خوا میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 29 ہزار 775 ہو چکی ہے جبکہ اس سے اموات 1 ہزار 74 ہو گئیں۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 13 ہزار 927 کورونا وائرس سے متاثرہ مریض اب تک سامنے آئے ہیں جبکہ 147 افراد اس وباء سے جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

کورونا وائرس کے بلوچستان میں 11 ہزار 128 مریض اب تک رپورٹ ہوئے ہیں جہاں 126 افراد اس مرض سے انتقال کر چکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیئے:۔

کورونا، پاکستانیوں کی معاشی حالت پر سروے جاری

پاکستان سے کورونا برطانیہ منتقلی کا دعویٰ غلط نکلا

گلگت بلتستان میں 1 ہزار 630 کورونا وائرس کے مریض سامنے آئے ہیں جبکہ اس سے 36 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔

آزاد جموں و کشمیر میں کورونا کے اب تک 1 ہزار 532 مریض رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ اس وائرس سے 42 مریض وفات پا چکے ہیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کا یہ بھی کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک بھر میں 23 ہزار 569 کورونا کے ٹیسٹ کیے گئے ہیں جبکہ اب تک کیے گئے ٹیسٹوں کی کُل تعداد 15 لاکھ 38 ہزار 427 ہو چکی ہے۔

ملک بھر کے اسپتالوں میں کورونا کے 394 مریض وینٹی لیٹر پر ہیں، جبکہ گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور بلوچستان میں کورونا وائرس کا کوئی مریض وینٹی لیٹر پر نہیں ہے۔