اسکاٹ لینڈ میں گھر خریدنے والوں کیلئے پائلٹ اسکیم کا آغاز

July 13, 2020

گلاسگو (طاہر انعام شیخ) اسکاٹش حکومت نے پہلی بار گھر خریدنے والوں کے لیے فرسٹ ہوم فنڈ کے نام سے ایک نئی پائلٹ اسکیم شروع کی ہے جس میں پہلی بار گھر خریدنے والے افراد کو مشترکہ ایکوٹی (Share Equity) کے تحت25ہزار تک رقم دی جائے گی۔ اس رقم سے وہ کوئی بھی بنا ہوایا پرانا گھر خرید سکیں گے۔ دریں اثناء پہلی بار مکان خریدنے والوں کے لیے ٹیکس کی چھوٹ ایک لاکھ پینتالیس ہزار سے بڑھاکر دو لاکھ پچاس ہزار پونڈ کردی گئی جس سے مکانات کی مارکیٹ بہتر بنانے میں مدد ملے گی اور خریدو فروخت کرنے والے ہر 10 میں سے8افراد کو فائدہ پہنچے گا۔ اکنامی سیکرٹری فیونا ہیلپ نے بتایا ہے کہ وہ اسکاٹ لینڈ میں لوگوں کو ملازمتوں پر بحال رکھنے اور ان کی ٹریننگ کے لیے 100ملین پونڈ مختص کررہی ہیں جب کہ ابتدائی سطح کے بزنس کی ترقی کے لیے38ملین پونڈ خرچ کیے جائیں گے۔