نابینا پن کا ڈھونگ رچا کر لاکھوں پونڈ اینٹھنے والی خاتون کو سزا

July 13, 2020

لندن (این این آئی)مانچسٹر کی عدالت نے 15 سال سے نابینا ہونے کا ڈھونگ رچا کر کئی لاکھ پونڈ امدادی رقم حاصل کرنے والی ادھیڑ عمر خاتون کو 3 برس 8 ماہ قید کی سزا سنا دی۔

65 سالہ خاتون نے 15 برس کے دوران تقریبا 10 لاکھ پونڈ کے لگ بھگ سے زائد رقم حکومتی امداد کی مد میں حاصل کی، جو ماہانہ اوسطا 13 ہزار پونڈ بنتی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق خاتون نے ایک عام برطانوی شہری کی تنخواہ کے مقابلے میں ماہانہ 5 گنا زیادہ رقم حاصل کی۔

خاتون نے اپنی دو شناخت بنا رکھی تھی اور برطانوی حکومت سے اپنی معذوری کے بدلے ماہانہ وظیفہ وصول کرتی تھیں۔

ڈھونگی خاتون وقت قانون کی نظروں میں آئی جب اسے سی سی ٹی وی فوٹیج میں اخبار پڑھتے اور اسکول سے اپنے پوتے کو لیتے ہوئے دیکھا گیا۔ خاتون نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ اس نے رقم ضرورت مندوں میں تقسیم کی تھی۔

ساتھ ہی یہ اقرار کیا کہ امدادی رقم میں سے اس نے متعدد مرتبہ سیاحتی دورہ کیا، کپڑے خریدے اور جلد کی سرجری کرائی۔ اس پر عدالت نے کہا کہ یہ وہ رقم تھی جس کی آپ حقدار نہیں تھیں، 15 سال آپ نے اپنے ساتھی شہریوں سے کئی لاکھ پونڈ چوری کئے۔

عدالت نے کہا کہ یہ رقم ایسے لوگوں کیلئے تھی جو اس کے مستحق تھے، رقم اسکولوں اور ہسپتالوں میں جاسکتی تھی۔

علاوہ ازیں عدالت نے خاتون کی 34 سالہ بیٹی کو 70 ہزار پونڈ کی منی لانڈرنگ کے الزام میں 18 ماہ کی سزا سنا دی۔

عدالت نے کہا کہ لڑکی نے اپنی والدہ کے پاس اتنی بڑی رقم ہونے پر شکوک کا اظہار لیکن پولیس کو مطلع نہیں کیا۔