برطانیہ میں 16ہفتے بعد مساجد میں نماز کی ادائیگی شروع

July 13, 2020

برمنگھم (آصف محمود براہٹلوی) کورونا لاک ڈائون تقریباً 16ہفتوں بعد برطانیہ بھر میں نماز جمعہ کی ادائیگی پہلی بار مساجد میں کی گئی، عوامی رش سے بچنے کیلئے تین سے چار جماعتیں کرائی گئی، رضا کاروں کی کثیر تعداد مسجد آنے والوں کو سینیٹائز، ماسک اور جوتوں کیلئے پلاسٹک بیگ مہیا کرتے رہے۔برمنگھم کی چھوٹی بڑی تمام مساجد میں باجماعت نماز ہوئی تاہم مختصر اردو تقریر کیساتھ صرف احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کے حوالے سے مختصر بیان کیا گیا۔ علامہ سید ظفر اللہ شاہ، پیر محمد طیب الرحمٰن قادری، صاحبزادہ محمد رفیق چشتی، امام حفیظ الرحمن چشتی، مولانا ارشد محمود سمیت دیگر کا کہنا تھا کہ مساجد اور عبادت گاہیں کھلنے سے زندگی کی رونقیں آہستہ آہستہ بحال ہوں گی۔ علامہ سید ظفر اللہ شاہ کا مزید کہنا تھا کہ کورونا لاک ڈائون کے دوران دیگر کمیونٹیز کیساتھ ہم آہنگی کیلئے سبیل فائونڈیشن کے زیر اہتمام فری کھانا تقسیم کرتے رہےبلکہ ویسٹ میڈلینڈ زپولیس کی جانب سے بعض مقامات پر بے گھر افراد کو کھانا مہیاکرنے کیلئے بھی مینٹین کیا گیا اور تعریفی کلمات سے بھی نوازا گیا، آخر میں تمام مساجد میں کورونا جیسی وبا سے وفات پانے والوں کیلئے بخشش اور بیماری سے نجات کیلئے اجتماعی دعائیں کی گئی۔