پاک بھارت ٹرین، بس اور تجارت بند ہوئے 1 سال ہونے کو ہے

July 25, 2020

پاکستان اور بھارت کے درمیان مسافر ٹرینوں، بسوں اور جہازوں کی بندش سمیت تجارت ختم ہوئے تقریباً ایک سال ہونے کو ہے، بھارتی ٹرین سمجھوتہ ایکسپریس اور مال گاڑی پاکستان میں موجود، دونوں ہمسایہ ممالک میں رابطوں کی بندش سے عوام پریشان ہیں۔

پاکستان اور بھارت کے درمیان ریل رابطوں کے سلسلہ میں سمجھوتہ ایکسپریس، تھل ایکسپریس اور مال گاڑی رواں دواں تھی، سمجھوتہ ایکسپریس ہفتے میں دو بار پیر اور جمعرات کو جبکہ تھل ایکسپریس ہفتے میں ایک روز جمعے کو چلتی تھی، پاک بھارت تعلقات کشیدہ ہوئے تو آٹھ اگست کو ریل رابطے منقطع ہوگئے، جو تاحال جوں کے توں ہیں۔

دوستی بس کے ڈرائیور نصیر شاہ کا کہنا ہے کہ پاک بھارت کے درمیان روڈ رابطوں کے لیے دوستی بس روزانہ لاہور سے دہلی جاتی تھی، جبکہ امرتسر بس ہفتے میں چار روز چلتی رہی، پی ٹی ڈی سی نے دوستی بسوں کے ڈرائیورز سمیت دیگر عملے کو ملازمت سے فارغ کر دیا ہے۔

لاہور سے دہلی جانے والی پرواز بھی رک گئی، پاک بھارت ریل روڈ رابطے 1992ِء 2001ء اور 2019ء میں بھی ٹوٹتے اور جڑتے رہے، پاک بھارت ریل روڈ اور ائیر رابطوں کا انحصار دونوں ہمسایہ ممالک کے تعلقات پر منحصر ہوتا ہے، تعلقات اچھے ہوں تو پہیہ چلتا رہتا ہے ورنہ سب کچھ بند ہوجاتا ہے۔