کراچی: 3 دن میں کرنٹ لگنے سے 9 افراد جاں بحق

July 28, 2020

کراچی میں 3 دن کی بارش کے دوران کرنٹ لگنے سے 9 افراد جاں بحق اور عزیز آباد میں کرنٹ لگنے سے قربانی کےلیے لائے گئے 2 بکرے بھی ہلاک ہوگئے۔

کراچی کے کئی علاقوں میں کل سے اب تک بجلی کی فراہمی بحال نہ ہوسکی، اورنگی ٹاؤن 5 نمبر میں گزشتہ روز سے بجلی کی فراہمی معطل ہے۔

سرجانی ٹاؤن، اورنگی ٹاؤن، نیو کراچی، نارتھ کراچی، پاپوش نگر، منگھو پیر، کنواری کالونی، قصبہ اور لیاقت آباد میں بھی بجلی معطل ہے۔

نارتھ ناظم آباد اور گلشن اقبال کے مختلف علاقوں میں بھی بجلی غائب ہے جبکہ کے الیکٹرک نےشہر میں بجلی بحالی آپریشن نکاسی آب سے مشروط کردیا ہے۔

کے الیکٹرک کے مطابق بجلی کی تنصیبات کے گرد سے پانی کی نکاسی ہونے تک بجلی بحالی کا آپریشن شروع نہیں ہوگا۔