عیدالااضحیٰ پر ضابطہ اخلاق کی پابندی یقینی بنائی جائیگی، سندھ رینجرز

July 31, 2020

ترجمان سندھ رینجرز کا کہنا ہے کہ عیدالاضحیٰ پر حکومت کی جاری کردہ ضابطہ اخلاق کی پابندی یقینی بنائی جائیگی، جبکہ داخلی و خارجی راستوں، بس اڈوں، ریلوے اسٹیشن پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہائی الرٹ کردیا گیا۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ قربانی کی کھالوں کی جمع گاہوں اور ترسیل کی بھی خصوصی نگرانی کی جائے گی اور کسی ممکنہ دہشتگردی یا اسٹریٹ کرائم کے واقعات سے موثر اندازمیں نمٹاجائیگا۔

ترجمان سندھ رینجرز کا کہنا ہے کہ جبری طور پر کھالیں جمع کرنے والے عناصر کے خلاف کارروائی کی جائیگی، ہوائی فائرنگ یا اسلحے کی نمائش کرنیوالوں یا گروہ کے خلاف بھی قانونی کاروائی کی جائےگی ۔

سندھ رینجرز کا کہنا ہے کہ لائسنس یافتہ یا غیر قانونی اسلحہ، ڈنڈے اور لاٹھیاں لیکر چلنےکی اجازت نہیں ہوگی، سندھ بالخصوص کراچی میں اسنیپ چیکنگ، پٹرولنگ کو مزید موثر اور فعال کیا گیا ہے۔

ترجمان سندھ رینجرز کا کہنا ہے کہ تمام مکتبہ فکر کے علماء کرام قوانین اور ضابطہ اخلاق کی مکمل پاسداری کریں، عوام سے بھی اپیل کی جاتی ہے کہ اخوت اور بھائی چارگی کی فضاء کو قائم رکھیں۔

سندھ رینجرز نے کہا کہ عوام امن و امان برقرار رکھنے کیلئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ بھرپور تعاون کریں۔