نہتے کشمیری دنیا کی چوتھی بڑی فوجی قوت کا مقابلہ کررہے ہیں، کامران بنگش

August 05, 2020

مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا کامران خان بنگش کا کہنا ہے کہ نہتے کشمیری دنیا کی چوتھی بڑی فوجی قوت کا مقابلہ کررہے ہیں۔

خیبرپختونخوا کے مشیر اطلاعات کامران خان بنگش نے یوم استحصال کشمیر پر اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے ہر فورم پر مسئلہ کشمیر کو اُجاگر کیا۔

اس کے علاوہ اقوام متحدہ میں بھی عمران خان نے دُنیا کو کشمیر میں مظالم سے متعلق آگاہ کیا۔

کامران بنگش نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی آزادی تک پاکستان کے عوام چین سے نہیں بیٹھیں گے، کشمیر ہائی وے کو سرینگر ہائی وے قرار دینا وزیراعظم کی کشمیر کاز سے کمنٹمنٹ کا ثبوت ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسلمانوں نے افرادی قوت اور اسباب سے نہیں بلکہ اللہ پر بھروسے جنگیں جیتی ہیں، مقبوضہ کشمیر کے عوام کی قربانیوں کی موجودہ دور میں کوئی مثال نہیں ملتی۔

مشیر اطلاعات کامران بنگش نے مزید کہا کہ انسانی حقوق کی تنظیموں کو مقبوضہ کشمیر کی صورت حال کا نوٹس لینا چاہیے، کشمیریوں نے اپنا حق ادا کر دیا اب ہماری باری ہے۔