FATF کی تلوار پاکستان پر بڑے عرصے سے لٹکی ہے، نوید قمر

August 12, 2020

پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما و رکنِ قومی اسمبلی نوید قمر کہتے ہیں کہ ایف اے ٹی ایف ایسی تلوار ہے جو پاکستان پر بڑے عرصے سے لٹکی ہے۔

انسدادِ دہشت گردی ترمیمی بل پر قائمہ کمیٹی کی رپورٹ وفاقی وزیرِ قانون فروغ نسیم نے قومی اسمبلی میں پیش کر دی۔

انسدادِ دہشت گردی ترمیمی بل کے حوالے سے اظہارِ خیال کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما و رکنِ قومی اسمبلی نوید قمر کا کہنا ہے کہ آج تمام بلز اتفاقِ رائے سے اجلاس میں آئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دنیا کے خیال میں ہمارے قانون میں کئی خامیاں ہیں، ایشیاء پیسفک گروپ کا بھی ہم پر دباؤ ہے، ہم نے بھی بہت چیزوں پر ایف اے ٹی ایف سے ہامی بھری۔

نوید قمر نے کہا کہ کچھ چیزیں تو ایسی ہیں جو ہمیں کرنی چاہیے تھیں، کچھ چیزیں ایسی ہیں جو عوام پر قدغن لگاتی ہیں، ہم ظلم بھی کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کچھ چیزوں پر اتفاق ہوگیا لیکن کچھ پر نہیں ہوا، پاکستانیوں کے لیے ان کا ہضم کرنا آسان نہیں۔

نوید قمر نے کہا کہ انسدادِ دہشت گردی بل پر اب فوکس ان پر ہو رہا ہے جن کے لیے یہ بل بنا تھا، اب یہ بل کالعدم تنظیموں پر فوکس کر رہا ہے، اس پر پاکستانی ساتھ ہیں۔

پی پی پی رہنما نے کہا کہ انسدادِ دہشت گردی ترمیمی بل میں ہماری ترامیم شامل ہیں، جو دہشت گرد نہیں لیکن قانون کی زد میں آیا ہے اسے ہم بچا بھی سکیں گے۔

یہ بھی پڑھیئے: قومی اسمبلی کا اجلاس 16منٹ جاری رہا، 2 بل منظور

انہوں نے کہا کہ بل میں تھا کہ جو کسی حد سے زیادہ پیسے بھیجتا ہے وہ دہشت گرد ہے، ہمیں خدشہ ہوا کہ اس قانون سے وائٹ اکانومی بھی بلیک کی طرف جائے گی۔

نوید قمر نے کہا کہ منی لانڈرنگ بل میں شرط ہے کہ بلڈر اور جیولر کے پاس جانے والے کی معلومات حاصل کرنی ہیں، جیولر یا بلڈر کو خریدار کے ذرائع آمدن اور اس کے حوالے سے دیگر معلومات حاصل کرنی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ کونسا جیولر خریدار سے یہ باتیں پوچھے گا؟ ہمارے ملک میں قانون سازی کا بہت غلط استعمال بھی ہوا ہے۔

پیپلز پارٹی کے رکنِ قومی اسمبلی نوید قمر نے یہ بھی کہا کہ ہم عام صارف اور عام کاروباری شخص کے لیے بھی مشکلات پیدا کرتے ہیں، ایسا قانون بنے جو لوگوں کے لیے آسانیاں پیدا کرے۔