• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قومی اسمبلی کا اجلاس 16منٹ جاری رہا، 2 بل منظور

اسلام آ باد (نمائندہ جنگ) قومی اسمبلی نے اپوزیشن کی جانب سے نو نو کے نعروں میں جمعرات کی شام اپنے اجلاس میں سینیٹ سے منظور کئے جانے والے دو نوں بلوں انسداد دہشت گردی ترمیمی بل 2020اور اقوام متحدہ سیکورٹی کونسل ترمیمی بل2020 کی بمع ترامیم کثرت رائے سے منظور ی دیدی ۔

اجلاس صرف 16منٹ جاری رہاجس کے بعد سپیکر نے قومی اسمبلی کا اجلاس سات اگست کی شام پانچ بجے تک کیلئے ملتوی کر دیا ۔ اجلاس کی کاروائی شروع ہوئی تو مشیر پا ر لیمانی امور ڈاکٹر با بر اعوان نے اجلاس میں اضافی ایجنڈا پیش کرنے کی تحریک پیش کی جسے ایوان نے کثرت رائے سے منظور کر لیا۔ 

قبل اس کے کہ با بر اعوان بل پیش کرتے خواجہ آصف نے اسپیکر سے بات کرنے کیلئے فلور مانگا لیکن اسپیکر نے انہیں فلور دینے کی بجا ئے بابر اعوان سے کہا کہ بل پیش کریں ۔ اس کے بعد بلاول بھٹو اور مو لا نا اسعد محمود بھی بات کرنا چا ہتے تھے لیکن انہیں بھی بات کرنے کی اجازت نہیں دی گئی ۔ چنانچہ تمام اپو زیشن ممبران بطور احتجاج اپنی نشستوں پر کھڑے ہوگئے ۔با بر اعوان نے پہلے انسداد دہشت گردی ترمیمی بل 2020 پیش کیا۔ 

انہوں نے بتایا کہ سینیٹ نے ترامیم کے ساتھ اس کی منظوری دیدی ہے۔ انہوں نے ترا میم شق وار پیش کیں ۔ بل کی مخا لفت میں مسلم لیگ ن ، پیپلز پارٹی ، جے یوآئی ف سمیت اپوزیشن کے دیگر اراکین بھی نشستوں پر کھڑے ہو گئے۔ ہر شق پر حکومتی ممبران زور دار ہاں اوراپوزیشن والے نو نو کے نعرے لگاتے رہے ۔ قومی اسمبلی نے اکثریت رائے سے انسداد دہشت گردی ترمیمی بل کی منظوری دے دی۔

تازہ ترین