کشمیریوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، صدر علوی

August 15, 2020

کشمیریوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، صدر پاکستان

اسلام آباد (اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کشمیریوں کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، ان کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے۔

مسلح افواج اور پاکستانی قوم نے دہشت گردی کا بہادری سے مقابلہ کیا جس پر انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں، افغانستان میں امن کے لئے امن معاہدہ اہم قدم ہے، پاکستان افغانستان میں امن کا خواہاں ہے، سی پیک سے خطے میں ترقی اور خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہوا ہے، کورونا وبا کے باوجود پاکستان کے معاشی اشاریے مثبت راہ پر گامزن ہیں۔

حکومت کی دانشمندانہ پالیسیوں اور قوم کے تعاون سے کورونا وبا کے خلاف کامیابی ملی، گزشتہ دو سال کے دوران حکومت اور قوم نے کرپشن کے خلاف علم بلند کیا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نےیوم جشن آزادی کی مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ دو سال کے دوران موجودہ حکومت اور پوری قوم نے بدعنوانی کے خلاف آواز بلند کی۔ بدعنوانی کے خلاف یہ جدوجہد جاری رہے گی۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم اٹھ کر کھڑی ہو گئی ہے۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ ملکی معیشت مستحکم ہو گی اور مسلم امہ کی قیادت پاکستان کو ملے گی۔