زیادتی واقعات، یاسر حسین نے نظم ’مملکتِ خداداد‘ پڑھ لی

September 13, 2020


پاکستان فلم و ٹی وی انڈسٹری کے معروف اداکار یاسر حسین نے ملک بھر میں زیادتی کے بڑھتے واقعات کو مد نظر رکھتے ہوئے اپنے دوست علی زریون کی ایک سال قبل لکھی گئی نظم ’مملکتِ خداداد‘ پڑھ کے سُنا دی جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

فوٹو اینڈویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر یاسر حسین نے اپنی ایک ویڈیو پوسٹ کی جس میں اداکار اپنے دوست علی زریون کی ایک سال پُرانی نظم ’مملکتِ خداداد‘ پڑھتے نظر آرہے ہیں۔


نظم کا آغاز کرنے سے پہلے یاسر حسین نے کہا کہ’جو نظم وہ آج پڑھنے جارہے ہیں وہ اُن کے دوست علی زریون نے ایک سال پہلے لکھی تھی جب زیادتی کے واقعات بڑھ گئے تھے لیکن افسوس کی بات یہ ہے کہ ایک سال بعد بھی زیادتی کے افسوسناک واقعات میں مزید اضافہ ہوتا جارہا ہے۔‘

یاسر حسین نے کہا کہ ’وہ ملک کی موجودہ صورتحال کو مد نظر رکھتے ہوئے یہ نظم پڑھ رہے ہیں جس کا عنوان ’مملکتِ خداداد‘ ہے۔‘

ویڈیو میں اداکار نے نظم کا عنوان بتانے کے بعد اس نظم کے تمام سطر بڑے ہی خوبصورت انداز میں پڑھے۔

اُنہوں نے ویڈیو پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’علی زریون کی یہ نظم اس دُنیا میں موجود ہر اُس انسان کے لیے ایک سوال ہے جو جنسی زیادتی کو ایک عام حادثہ سمجھ کر بھول جاتا ہے۔‘

اداکار نے لکھا کہ ’ریپسٹ ایک چور نہیں ہے کہ جسے پکڑ کر سلاخوں کے پیچھے ڈالا جائے بلکہ وہ ایک وحشی درندہ ہےجسے سرِعام پھانسی دینا بہت ضروری ہے۔‘

یہ بھی پڑھیے: پاکستان میں انصاف کسی چڑیا کا نام نہیں، سونیا حسین

یاسر حسین نے اپنی پوسٹ کے کیپشن میں ہیش ٹیگ HangTheRapist بھی استعمال کیا۔

2 منٹ 4 سیکنڈز پر مشتمل یاسر حسین کی اس معنی خیز ویڈیو پر اب تک ایک لاکھ 82 ہزار سے زائد ویوز آچکے ہیں۔

یاد رہے کہ ملک میں جنسی زیادتی کے بڑھتے واقعات اور لاہور موٹروے کیس کے بعد سماجی کارکن اور سوشل میڈیا صارفین سمیت شوبز فنکار بھی اس گھناؤنے جرم میں ملوث مجرمان کی سرِعام پھانسی کا مطالبہ کررہے ہیں۔