اسٹاک مارکیٹ، دن بھر اتار چڑھاؤ کے بعد ایک فیصد اضافہ

September 15, 2020

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں دن بھر اتار چڑھاؤ رہا جس کے باعث کے ایس ای100انڈیکس میں محض ایک فیصد کا اضافہ ہوا ،سرمایہ کاری مالیت میں 8ارب 17کروڑ 83لاکھ روپے کی کمی ہوئی، 53.97فیصد کمپنیوں کے شیئرز کی قیمت گھٹ گئی، کاروباری حجم میں بھی کمی ہوئی،تفصیلات کے مطابق پیر کو نئے کاروباری ہفتے کے آغاز پر سرمایہ کاروں کی جانب سے کچھ خریداری دیکھی گئی اور کے ایس ای 100انڈیکس ایک موقع پر 42720.98پوائنٹس پر پہنچ گیا لیکن فروخت کے دبائو کی وجہ سے 100انڈیکس 42367.81 پوائنٹس کی نچلی سطح پر بھی ریکارڈ کیا گیا تاہم اختتام پر کے ایس ای100انڈیکس صرف 0.64پوائنٹس کے اضافے سے 42531.31پوائنٹس پر بند ہوا لیکن کے ایس ای 30انڈیکس میں36.45پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی جس سے یہ 18034.69پوائنٹس پر بند ہوا جبکہ کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 13.54پوائنٹس کی کمی سے 30232.67پوائنٹس ہو گیا ،پیر کو مارکیٹ میں428کمپنیوں کے شیئرز کا کاروبار ہوا، 184کے بھائو میں اضافہ ،231کے بھائو میں کمی جبکہ 13کے بھائو مستحکم رہے ،پیر کو مارکیٹ میں 50کروڑ 95لاکھ 22ہزار شیئرز کا کاروبارہوا جو کہ گزشتہ سیشن کی نسبت ایک کروڑ 66لاکھ 63ہزار شیئرز کم تھا ،مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت 8ارب 17کروڑ 83لاکھ کی کمی سے 7966ارب 3کروڑ 57لاکھ روپے ہو گئی ،پیر کو کاروباری حجم کے لحاظ سے ہیسکول پیٹرولیم ،پاک انٹر نیشنل بلک،فوجی فوڈ ،یونٹی فوڈ اور بینک آف پنجاب سر فہرست رہے۔سب سے زیادہ شیئرز کی قیمت نیسلے پاکستان اور ہینو پاک موٹر کے شیئرز کی بڑھی جو کہ 136.99 روپے اور 46.70روپے تھی دوسری جانب نمایاں کمی یونی لیور اور آئس لینڈ ٹیکسٹائل کے شیئرز میں ہو ئی جو کہ 100.00روپے اور 66.08 روپے فی شیئرز رہی۔