افسوس ہے کہ شوبز کا حصہ ہوں: سیمی راحیل

September 19, 2020

سینئر ادکارہ سیمی راحیل کا کہنا ہے کہ انہیں افسوس ہے کہ وہ شوبز کا حصہ ہیں۔

سوشل میڈیا سائٹ انسٹاگرام پر سیمی راحیل نے ندا کے شو کا اسکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی(پیمرا) سے ندا یاسر کے شو کا نوٹس لینے کی اپیل کی۔

انہوں نے کہا کہ 5سال کی بچی کو زیادتی کے بعد قتل کر دینا اور پھر ان کے والدین سے مارننگ شو میں اس حوالے سے تفصیل پوچھنا اور ان کے درد میں اضافہ کرنا کہاں کی انسانیت ہے۔

سیمی راحیل نے لکھا کہ آپ ٹی آر پیز حاصل کرنے کیلئے اور لوگوں کی توجہ حاصل کرنے کیلئے کتنے بے حس اور غیر انسانی ہوسکتے ہیں۔

اداکارہ نے یہ بھی لکھا کہ لوگوں کے درد کو کیش کرنا ایک قابلِ افسوس عمل ہے۔

سینئر اداکارہ نے کہا کہ انہیں افسوس سے کہنا پڑ رہا ہے کہ وہ اس انڈسٹری کا حصہ ہیں۔


خیال رہے کہ ندا یاسر نے ندا یاسر نے زیادتی کا نشانہ بننے والی 5 سالہ مروہ کے والدین کو مدعو کرنے پر معافی مانگ لی ہے۔

انسٹاگرام پر 03 منٹ اور 23 سیکنڈ پر مبنی ویڈیو پیغام شیئر کرتے ہوئے ندا یاسر نے لکھا کہ ’براہِ کرم مجھے معاف کردیں۔‘

ندا یاسر نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا کہ ’میں وضاحت دینا چاہوں گی کہ ہم ایک ہفتہ قبل شو کی منصوبہ بندی کرتے ہیں اور ایسے پروگرام ترتیب دیتے ہیں جس سے آپ کی صبح خوشگوار ہو۔‘

انہوں نے کہا کہ ہم نے مروہ کے اہلخانہ سے رابطہ نہیں کیا تھا بلکہ انہوں نے صارم برنی کے توسط سے ہم سے رابطہ کیا تھا کیونکہ انہیں میڈیا سپورٹ کی ضرورت تھی۔