ہنڈراس کی جانب سے بیت المقدس میں اپنا سفارتخانہ کھولنے کا اعلان

September 22, 2020

لندن (این این آئی)ہنڈراس کے صدر جووان اورلینڈو ہرنانڈیز نے کہاہے کہ ان کا ملک مقبوضہ بیت المقدس میں اپنا سفارت خانہ کھولنے کا ارادہ رکھتا ہے۔ میڈیارپورٹس کے مطابق ٹویٹ میں انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ اگر کرونا کی وبا نے اجازت دی تو رواں سال کے اختتام سے قبل اس ارادے پر عمل ہو جائے گا۔ہنڈراس کے صدر کے مطابق انہوں نے اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو سے کئی امور پر بات چیت کی ہے۔ ان میں تزویراتی اتحاد، ہنڈراس کے دارالحکومت ٹیگوسیکالامیں اسرائیلی سفارت خانے کا افتتاح اور بیت المقدس میں ہنڈراس کا سفارت خانہ کھولے جانے کے امور اہم ترین ہیں۔صدر ہرنانڈیز نے اس ٹویٹ کے ساتھ دو تصاویر بھی منسلک کیں جن میں وہ بنیامین نیتن یاہو کے ساتھ نظر آ رہے ہیں۔اس اقدام کے ساتھ ہنڈراس بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے والا تیسرا ملک بن جائے گا۔ اس سے قبل امریکا نے 14 مئی 2018 کو اپنا سفارت خانہ تل ابیب سے مقبوضہ بیت المقدس منتقل کر دیا گیا۔ اس کے دو روز بعد ہی ہنڈراس کے پڑوسی ملک گوئٹے مالا نے مماثل اقدام پر عمل کیا۔ اس موقع پر زیادہ تر ممالک نے فیصلہ کیا تھا کہ وہ مذاکرات کے ذریعے بیت المقدس کی پوزیشن کا حل سامنے آنے تک اسرائیل میں اپنا سفارت خانہ مذکورہ مقبوضہ شہر سے باہر ہی رکھیں گے۔