ریا چکرورتی اور ان کے بھائی ڈرگ سنڈیکیٹ کے سرگرم رکن ہیں، این سی بی

September 30, 2020

نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک) سشانت سنگھ راجپوت کیس سے متعلق ڈرگز معاملے میں گرفتار کی گئیں بولی وڈ اداکارہ ریا چکرورتی کی ضمانت کی درخواست پر ممبئی ہائی کورٹ میں منگل کو سماعت ہوئی۔ اس دوران معاملے کی تحقیقات کرنے والے ادارے نارکوٹکس کنٹرول بیورو نے ہائی کورٹ میں اپنا حلف نامہ پیش کیا۔ اس میں این سی بی نے واضح طور پر کہا ہے کہ ریا چکرورتی سشانت سنگھ راجپوت کے لئے ڈرگز خریدتی تھیں۔ ریا چکرورتی نے سشانت سنگھ کی دوا لینے کی عادت کو چھپانے کے لئے ان کے ڈرگز خریدے۔ریا چکرورتی اور ان کے بھائی شووک چکرورتی کی ضمانت عرضی کے خلاف این سی بی نے اپنے حلف نامہ میں کہا ہے کہ دونوں ہی لوگ ڈرگ سنڈیکیٹ کے سرگرم رکن ہیں۔ این سی بی کے زونل ڈائریکٹر سمیر وانکھیڑے کی طرف سے داخل جواب میں کہا گیا ہے کہ تفتیش میں اس بات کے ثبوت ملے ہیں کہ ریا چکرورتی نے ڈرگز اسمگلنگ کو فائننس کیا۔ حلف نامہ میں کہا گیا ہے کہ واٹس ایپ چیٹ، موبائل، لیپ ٹاپ اور ہارڈ ڈسک سے جمع کئے گئے ڈیٹا سے یہ پتہ چلتا ہے کہ ریا چکرورتی مسلسل ڈرگزکی خرید اری کرتی تھیں۔ ساتھ ہی اس غیرقانونی کاروبار کو فائننس بھی کرتی تھیں۔این سی بی کے حلف نامہ میں کہا گیا کہ اگر پورے منظر نامے کو دیکھا جائے تو ریا چکرورتی نے یہ جانتے ہوئے کہاکہ سشانت سنگھ راجپوت ڈرگز لے رہے ہیں انہوں نے اس بات کو چھپایا۔