ریاست جموں کشمیر ناقابلِ تقسیم وحدت ہے، آصف شریف

September 30, 2020

لوٹن (نمائندہ جنگ) ریاست جموں کشمیر ایک ناقابلِ تقسیم وحدت ہے اور گلگت و بلتستان ریاست جموں کشمیر کا حصہ ہے، معاہدہ کراچی گلگت بلتستان کو ریاست کا حصہ ظاہر کرتا ہے اور آج کے تناظر میں اِس معاہدہ کی اہمیت بہت بڑھ چکی ہے کیونکہ یہ اس وقت دو ملکوں کے درمیان معاہدہ ہوا تھا، یہ موقف جموں کشمیر پیپلز پارٹی برطانیہ نے گلگت بلتستان کے حوالے جاری بحث کے تناظر میں پیش کیا ہے، جموں و کشمیر پیلز پارٹی برطانیہ کے کوآرڈی نیٹر رہنما سردار آصف شریف نے پارٹی کی جانب سے بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ آئینِ پاکستان کی شق نمبر 257 واضح طور پر کشمیریوں کے حقِ خود ارادیت کو تسلیم کرتی ہے اور قیاِم پاکستان سے لے کر آج تک بین الاقوامی طور پر پاکستان نے ایک اْصولی اور بنیادی حق خودارادیت کے مطابق کشمیریوں کی ترجمانی کی، جموں کشمیر پیپلز پارٹی نے اپنا موقف واضح کیا ہے کہ تحریک آزادیِ کشمیر کے اِس نازک مرحلہ میں گلگت بلتستان کو پاکستان کا صوبہ بنانے کی باتیں کشمیر کی وحدت کو ختم کرنے اور مسئلہ کشمیر کو خطرے میں ڈالنے کے مترادف ہیں۔