سجل نے مداحوں کی خواہش پوری کردی

September 30, 2020

پاکستان ڈرامہ انڈسٹری کی خوبصورت اداکارہ سجل علی نے شادی کے بعد پہلی بار اپنے شوہر اور اداکار احد رضا میر کے ساتھ تصویر شیئر کرا کے مداحوں کی خواہش کو پورا کر دیا۔

فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اداکارہ سجل علی نے شوہر احد رضا میر کی سالگرہ کے موقع پر ان کے ساتھ ایک خوبصورت تصویر شیئر کی اور ساتھ ہی کیپشن میں لکھا کہ ’میرے احد کو سالگرہ مبارک ہو۔ آپ ہمیشہ جگماتے رہیں۔‘


سجل علی نے اپنے انسٹاگرام پر 9 گھنٹے قبل یہ پوسٹ شیئر کی تھی جسے اب تک تقریباً 3لاکھ 40 ہزار مداح لائیک کرچکے ہیں جبکہ اداکارہ کی اس پوسٹ پر مداحوں کی جانب سے احد رضا میر کو سالگرہ کی مبارک باد بھی دی جارہی ہے۔

دوسری جانب سجل علی کی چھوٹی بہن اور اداکارہ صبور علی نے بھی اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک تصویر شیئر کی ہے جس میں وہ اپنے بہنوئی احد رضا میر اور اُن کے چھوٹے بھائی کے ساتھ کھڑی ہیں۔


انسٹاگرام پر شیئر کردہ فوٹو کے ساتھ کیپشن میں اداکارہ نے لکھا کہ ’سالگرہ مبارک ہو احد بھائی، آپ ہماری فیملی کے لیے بہت اہمیت رکھتے ہیں اور ہمیں آپ پر فخر ہے۔‘

دوسری جانب مداح بھی سجل اور احد کی ایک ساتھ تصویر دیکھ کر بے حد خوش ہو رہے ہیں اور دعائیں دے رہے ہیں۔

یاد رہے کہ پچھلے دنوں سجل علی کے مداحوں کی جانب سے ان سے اصرار کیا گیا تھا کہ وہ اپنی اکیلے میں ہی تصویر شیئر کرتی رہتی ہیں، احد کے ساتھ بھی تصویر لے کر شیئر کریں۔


واضح رہے کہ احد رضا میر کو نجی چینل پر نشر کیے جانے والے ڈرامے ’یقین کا سفر‘ سے شہرت حاصل ہوئی، احد رضا میر کو اداکاری کی صلاحیت ورثے میں ملی ہے۔ وہ مقبول ڈائریکٹر رضا میر کے پوتےاور سحر انگیز شخصیت کے مالک آصف رضا میر کے بڑے صاحبزادے ہیں۔

احد رضا میر 29 ستمبر 1993ء کو کراچی میں پید اہوئے۔ کچھ عرصہ قبل ایک انٹرویو میں احد رضا میر نے بتایا تھا کہ وہ اپنی سالگرہ دھوم دھام سے مناتے ہیں۔