وینٹی لیشن سے گھر کو روشن اور ہوادار بنائیں

October 09, 2020

روشنی اور ہوا روز مرہ زندگی کا اہم حصہ ہیں، جن کے بغیر گزارہ ممکن نہیں ہے۔ کنکریٹ سے بنی عمارتیں موسمی تبدیلیوں میں شدت لانے والی مہلک گیسوں کی پچاس فی صد شرح کے اخراج کی ذمہ دار ہیں جبکہ ملک میںلوڈشیڈنگ کے مسائل اپنی جگہ موجود ہیں۔ اس کے علاوہ کھڑکیوں کی سمت کا درست نہ ہونا اور کئی منزلہ عمارتوں کا ایک دوسرے سے جڑاہونا بھی روشنی اور ہوا کی آمدورفت میں رکاوٹ پیدا کرتا ہے۔ روشنی اور ہوا کا انتظام ایسا ہونا چاہیے کہ گھر مکمل طور پر روشن نظر آئے اور کسی قسم کی گھٹن کا احساس نہ ہو۔ مکان کا ڈیزائن آرکیٹیکٹ کے بجائے ٹھیکیدار سے بنوانے یا جگہ کی کمی جیسے مسائل کے باعث لوگ عموماً مکان کی تعمیر میں وینٹی لیشن (قدرتی روشنی اور ہوا کے لیے گزرگاہ) بنانے جیسے ضروری کام نظرانداز کردیتے ہیں۔

گزشتہ ادوار میں مکانات کی تعمیر اس انداز سے کی جاتی تھی کہ ان میںروشنی اور ہوا کا بآسانی گزر بسر ہو۔ یہی وجہ ہے کہ ہمیں پرانے طرز کے بنے گھروں میں آج بھی روشن دان دیکھنے کو ملتے ہیں۔ یہ اندازِ تعمیر چین میں تنگ راج، بدھوں کی خانقاہوں اور قدیم عرب تعمیرات میں بھی نظر آتاہے۔ مزاروں، بارگاہوں، گرجا گھروں اور مسجدوںکی چھتوںمیں روشن دان لازمی بنائے جاتے تھے تاکہ روشنی اور ہوا کا عمدہ انتظام ہو۔ صدیوںپہلے بھی ماہرین تعمیرات کی جانب سے ان کو اس طرح ڈیزائن کیا جاتاتھا کہ عمارت کے اندر کی گرم ہوا باہر نکل جائے اور ٹھنڈی ہوا اند ر آجائے۔ اگر آپ سرد علاقے میںمکان تعمیر کروارہے ہیں تو وینٹی لیشن ایسی ہوکہ سرد ہوا باہر جائے اور گرم ہوا اند ر آئے لیکن اگر آپ گرم اور مرطوب علاقے میں مکان کی تعمیر کررہے ہیں تو سسٹم اس کے برعکس ہونا چاہیے۔

1940ء کے زمانے میں جب بلڈنگ کوڈ اور بلڈنگ سائنس کی اختراعات وجود میں آئیں تو پھر چھت کے اندر روشن دان بنانے کی مختلف اقسام بھی سامنے آئیں۔

وینٹی لیشن کیا ہے؟

وینٹی لیشن سے مراد ایک ایسا نظام ہے جس کے تحت مکان کو روشن اور ہوادار بنایا جاتا ہے۔ یہ مکان کی بنیادی ضروریات میں سے ایک ہے، اس کی بدولت تازہ ہوا نہ صرف گھر میں رہنے والے افراد کے لیے بلکہ خود مکان کےلیے بھی میسّر آتی ہے۔ بند مکانوں میں نقصان دہ مادے جیسے کاربن مونو آکسائیڈ اور نمی آجاتی ہے، جس سے مکان میںموجود اشیا زنگ آلود اور خراب ہوجاتی ہیں۔

مناسب وینٹی لیشن کے ذریعے گھر انرجی ایفیشنٹ (Energy Efficient)اور محفوظ رہتا ہے جبکہ گھر میں رہنے والے افراد بھی صحتمند رہتے ہیں۔ بیرونی ہوا کے لیے وینٹی لیشن کی معیاری شرح کی رہنما ہدایات پر پورا عمل کیا جانا چاہئے۔ کمرے میں پہلے سے موجود ہوا (Recirculated) اور باہر سے آنے والی ہوا کو فلٹر کیا جانا چاہئے تاکہ چھوٹے ذرات بھی مؤثر طریقے سے ختم ہوجائیں۔ باہر سے آنے والی ہوا کی مقدار کو آلودگی سے دور رکھنا چاہیے۔ آپ کی رہنمائی کے لیے ذیل میںوینٹی لیشن کی اقسام کا ذکر کیا جارہا ہے۔

قدرتی وینٹی لیشن سسٹم

باہر کی تازہ ہوا اند ر آنے کایہ سب سے عام اور مقبول طریقہ ہے مگر آجکل اس سے فائدہ نہیںاٹھایا جارہا اور نہ ہی ا س کیلئے کوئی حکمت عملی بنائی جاتی ہے۔ ہوا کے قدرتی بہائو کیلئے روشن دان اور کھڑکیاں وغیرہ بنائی جاتی ہیں تاکہ باہر کی تازہ ہوا اندر آئے اور اندر کی حرارت باہر چلی جائے ۔ اکثر دیکھا گیا ہےکہ لوگ کھڑکیاںنہیں کھولتے جس کی وجہ سے گھر کے اند ر گھٹن کا احساس رہتا ہے۔ قدرتی وینٹی لیشن نمی کو موزوں طور پر کنٹرول نہیںکرپاتی۔

ایگزاہسٹ وینٹی لیشن سسٹم

ایگزاہسٹ وینٹی لیشن سسٹم گھر میںموجود دبائو کو کم کرنے کیلئے ہوتاہے۔ اندر کے دبائو کو کم کرنے کیلئے ایگزاہسٹ گرم ہو ا کو باہر پھینک دیتاہے۔ یہ سرد آب وہوا میں بھی بڑا کارآمد ہوتا ہے۔ اس کے استعمال کا انحصار عمارت کے ڈیزائن پر منحصر ہوتاہے۔ اس لیے گھر کی تعمیر کے وقت ان کے مناسب محل وقوع کا خیال رکھنا چاہیے۔ یہ سادہ اور کم خرچ بھی ہے جو کسی بھی کمرے یا باتھ روم میں لگایا جاسکتاہے۔

سپلائی وینٹی لیشن سسٹم

سپلائی وینٹی لیشن سسٹم عمارت میں پریشرائزنگ کا عمل شروع کرتاہے۔ اس میںایک پنکھا استعمال ہوتا ہے جوباہر کی ہوا اندر پھینکتا ہے اور اندر کی ہوا عمارت کے سوراخوں یا روشن دانوں سے باہر چلی جاتی ہے۔

بیلنس وینٹی لیشن سسٹم

اسے باقاعدہ طور پر ڈیزائن کرکے نصب کیا جاتاہے۔ یہ برابر مقدار میںگھر سے ہوا کو خارج اور داخل کرتاہے۔ اس سسٹم میںدو پنکھے اور دو ڈکٹ سسٹمز ہوتے ہیں۔ تازہ ہوا اندر لانے اور آلودہ ہوا باہر نکالنے کیلئے بھی یہ آئیڈیل ہے۔

اپارٹمنٹس میں رہنے والوں کو بسا اوقات یہ مسئلہ درپیش ہوتا ہے کہ وہ کمرے کی کھڑکی نہیں کھول سکتے کیونکہ یا تو دوسرے اپارٹمنٹ کی کھڑکی بالکل سامنے ہوتی ہے یا پھر باہر سے اندر کا منظر دکھائی دیتا ہے، جس کی وجہ سے پرائیویسی متاثر ہونے کا امکان ہوتا ہے۔ اس کا بہترین حل یہ ہوسکتا ہے کہ شیشے کی کھڑکی پر لکڑی کی خوبصورت شٹرونڈو کی تہہ چڑھا دیں۔ اس طرح آپ شیشے کی بیرونی کھڑکی کو کھول کر تازہ ہوا گھر میں لانے کا انتظام کرسکتے ہیں ، شٹر ونڈو گھر کی پرائیویسی کو یقینی بنائے گی۔