چائے کے منفرد ذائقوں سے سُرمگیں شامیں کچھ اور بھی حسین بنائیں

October 25, 2020

چائے کا استعمال پہلی بار چین میں کیا گیا اور آج یہ دُنیا بَھر میں سب سے زیادہ استعمال ہونے والا مشروب ہے کہ یہ طبیعت میں فرحت و انبساط پیدا کرتا ہے۔ یوں تو وقت کے ساتھ چائے کے کئی ذائقے متعارف کروائے جاتے رہے۔ مگر آج کل مٹکا چائے کا دَور دورہ ہے، تو لیجیے، اہلِ خانہ کے ساتھ کسی ریستوران کا رُخ کرنے کی بجائے، گھر ہی میں گرما گرم مٹکا چائے ہی کا نہیں، کئی اور ذائقوں کا بھی لُطف اُٹھائیں۔

مٹکا چائے

اجزاء:دودھ دو کپ، پانی آدھا کپ، پتّی ایک کھانے کا چمچ، چائے مسالا پاؤڈر آدھا چائے کا چمچ، الائچی دو عدد،چینی حسبِ منشاء،مٹّی کا برتن(دھو کر خشک کرلیں) ایک عدد اور مٹکے نما کپس حسبِ ضرورت۔

چائے مسالا پاؤڈر بنانے کے لیے:کالی مرچ پاؤڈر ایک چوتھائی کھانے کا چمچ، دار چینی دو ٹکڑے، لونگ آٹھ عدد، الائچی آٹھ عدد اور ادرک پاؤڈر دو چائے کے چمچ۔تمام اجزاء گرائنڈ کرکے ائیر ٹائٹ جار میں ڈال دیں۔یہ مسالا عام اور مسالے والی چائے میں بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔

ترکیب:ایک پتیلی میں پانی، چائے کی پتّی، مسالا پاؤڈر، الائچی اور چینی ڈال کر ہلکی آنچ پر پکنے دیں۔جب پانی اچھی طرح اُبل جائے، تو اس میں دودھ شامل کرکے پکنے دیں۔ اس دوران مٹّی کا برتن تیز آنچ پر اتنا گرم کریں کہ اس کا رنگ بدل جائے۔پھر اس میں اُبلتی ہوئی چائے انڈیل کے فوراً ڈھک دیں۔ چند سیکنڈز بعد چائے چھان کر کپس میں انڈیل لیں۔مزے دار مٹکاچائے تیار ہے ۔

خشخاش، بالائی مِکس چائے

اجزاء: دودھ ایک پاؤ،چائے کی پتّی دو کھانے کے چمچ،میٹھا سوڈا ایک تہائی چائے کا چمچ،الائچی دو سے تین عدد،نمک چُٹکی بھر، دار چینی ایک عدد، ادرک ایک انچ کا ٹکڑا، خشخاش(دھو کر خشک کرلیں)ایک چائے کا چمچ،بالائی آدھا کپ اور چینی حسبِ منشاء۔

ترکیب:کیتلی میں پانی اور پتّی ڈال کر اچھی طرح اُبال لیں۔پھر اس میں میٹھا سوڈا، الائچی، نمک، دار چینی اور ادرک شامل کرکے دوچار اُبال آنے دیں۔بعدازاں اس میں دودھ اور خشخاش ڈال دیں اور اتنا پکائیں کہ چائے کا رنگ آجائے۔اب کپس میں انڈیل کر اوپر سے بالائی ڈال دیں۔

مسالا چائے

اجزاء:پانی دو کپ، ٹی بیگز حسبِ ضرورت،دودھ چارکپ،دار چینی دو عدد، الائچی پاؤڈر ایک چوتھائی چائے کا چمچ، کالی مرچ کے دانے ایک کھانے کا چمچ،چینی حسبِ ذائقہ۔

ترکیب:ایک پین میں پانی اُبال لیں۔ پھر ٹی بیگز ڈال کر ایک منٹ بعد ڈھکن ڈھک کر چولھا بند کردیں۔ دس منٹ بعد ٹی بیگز نکال کر ضایع کر دیں اور اس میں تمام اجزاء ڈال کر ہلکی آنچ پر تقریباً دس منٹ تک پکنے دیں۔ اس کے بعد کپس میں انڈیل لیں۔

سلیمانی چائے

اجزاء:ادرک (کُوٹ لیں)آدھا انچ کا ٹکڑا، چھوٹی الائچی(کُوٹ لیں)دو عدد، لونگ ایک عدد، چائے کی پتّی آدھا کھانے کا چمچ،شہد ایک چائے کا چمچ اور لیموں کا رَس آدھا چائے کا چمچ۔

ترکیب :کیتلی میں پانی اُبال کر اس میں لیموں کے رس کے علاوہ تمام اجزاء ڈال کر پکنے دیں۔بعد ازاں ،پیالی میں نکال کر اوپر سے لیموں کا رس چِھڑک دیں۔ (صوبیہ احمد، گلشنِ اقبال، کراچی)