چہرے کے نکھار، ریشمی بالوں کیلئے مفید گھریلوں ٹوٹکے آزمائیں

October 25, 2020

٭گرائنڈر میں مسور کی دال آدھا کپ، مولی کے بیج کا سفوف تین چائے کے چمچ، ہلدی اور سنگترے کے چھلکوں کا سفوف چار چائے کے چمچ ڈال کرگرائنڈ کرلیں ۔ روز رات کو ایک پیالی میں تھوڑا سا آمیزہ لےکر کچّے دودھ میں مِکس کرکے فریج میں رکھیں اور صُبح ابٹن کی طرح چہرے پرلگالیں۔ اس سے کیل مہاسے اور داغ دھبّے دُور ہوجائیں گے اور چہرہ خُوب نکھرا نکھرا نظر آئے گا۔

٭چہرے کے بلیک ہیڈز ختم کرنےکے لیے ایلوویرا اور پپیتے کا گُودا آدھا کپ ہم وزن لے کر بلینڈ کرکے ایک صاف بوتل میں ڈال کر فریج میں رکھ لیں اور دِن میں کسی بھی وقت ایک پیالی میں ایک چائے کا چمچ آمیزہ اور چُٹکی بھر بیکنگ سوڈا مِکس کرکے دس سے بارہ منٹ کے لیے چہرے پر لگا کر اچھی طرح دھو لیں۔

٭اگر کسی تقریب میں جانا ہو اور اچانک ہی چہرے پر کوئی دانہ نمودار ہوجائے، تو جائفل پیس کر دودھ میں مِکس کرکے دانے پر لگالیں۔ تقریباً دو گھنٹے کے اندر دانہ وقتی طور پر ختم ہوجائے گا۔

٭ریشم جیسے ملائم بالوں کے لیے پیالے میں ایک انڈا، زیتون کا تیل، سرسوں کا تیل ایک ایک چائے کا چمچ اور دو چائے کے چمچ دہی ڈال کر اچھی طرح مِکس کرلیں اور بالوں میں ایک گھنٹے کے لیے لگا کر شیمپو سے بال دھو لیں۔ مہینے میں ایک بار یہ آمیزہ استعمال کریں۔

(شمائلہ بتول، اسلام آباد)