پنجاب بھر میں 350 سستے سہولت بازار قائم

October 29, 2020

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی ہدایت پر پنجاب بھر میں 350 سستے سہولت بازار قائم کیے گئے ہیں۔

اس حوالے سے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے لاہور سے جاری کردہ اپنے بیان میں کہا کہ سہولت بازاروں میں اشیائے ضروریہ کی سستے داموں فراہمی کو یقینی بنایا گیا ہے۔

عثمان بزدارنے کہا کہ سہولت بازاروں میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 840 روپے جبکہ چینی 85 روپے فی کلو دستیاب ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ سستے سہولت بازاروں سے عوام کو مہنگائی سے ریلیف مل رہا ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل وزیراعظم عمران خان نے ذخیرہ اندوزی میں ملوث افراد کے خلاف سخت ایکشن کی ہدایت کرتے ہوئے کہا تھا کہ بنیادی اشیائے ضروریہ کی دستیابی اور قیمتوں کو قابو میں رکھنے کے لئے تمام انتظامی اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔