شنیرا Shaniera Akram نے تُرک شیف کو اپنے گھر مدعو کرلیا

October 29, 2020

گزشتہ دنوں ترکی کا دورہ کرنے والی شنیرا اکرم نے دُنیا بھر میں مقبول ترین تُرک شیف براک کو اپنے گھر آنے کی دعوت دی ہے۔

مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر ایک صارف نے تُرک شیف براک کی ایک ویڈیو شیئر کی جس میں وہ اپنے مداحوں کو بتا رہے ہیں کہ وہ جلد پاکستان کا دورہ کریں گے۔

شنیرا نے صارف کے ٹوئٹ پر تُرک شیف براک سے مخاطب ہوتے ہوئے لکھا کہ ’میں آ پ کو دعوت دے رہی ہوں کہ آپ جب بھی پاکستان کا دورہ کریں تو ہمارے گھر لازمی آئیں۔‘

سابق کرکٹر کی اہلیہ نے تُرک پکوانوں کو یاد کرتے ہوئے لکھا کہ ’ہم ترکش کھانوں کے ذائقے کو بہت یاد کر رہے ہیں۔‘

اُنہوں نے صارف کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ ’ارسلان کیا ہم شیف سے ملنے کے لیے ابھی بُکنگ کرواسکتے ہیں؟ کیونکہ مجھے ترک شیف براک سے کھانا پکانا سیکھنا ہے۔‘

شنیرا نے مزید لکھا کہ ’میرے خیال میں ہمارے عوام کو بھی اس میں شامل ہونے کی ضرورت ہے۔‘

خیا ل رہے کہ گزشتہ دنوں ترک شیف براک نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے ایک ویڈیو پیغام میں بتایا تھاکہ وہ رواں ماہ پاکستان آئیں گے۔

معروف شیف براک نے پاکستان آنے کی خبر دیتے ہوئے بتایا تھا کہ وہ پاکستان آکر خود پاکستان کے لوگوں سے ملنا چاہتے ہیں۔