بلدیہ کے چار بلڈنگ انسپکٹروں کی گرفتاری کیخلاف ملازمین کا احتجاج جاری

November 01, 2020

راولپنڈی(اپنے رپورٹر سے)محکمہ انٹی کرپشن کی طرف سے میٹرو پولیٹن کارپوریشن کے چار بلڈنگ انسپکٹروں کی گرفتاری کے خلاف ہفتہ کو بھی دفاتر کی تالہ بندی کرکے احتجاج کیا گیا۔ہڑتال کے باعث عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔میٹرو پولیٹن کارپوریشن کے احاطہ میں میونسپل ورکز لیگ نے احتجاجی کیمپ لگا رکھا ہےجس کے باعث دفاتر میں افسران اور عوام میں سے کسی کو جانے کی اجازت نہیں دی جارہی ہے۔ کیمپ میں ملازمین سے خطاب کرتٰے ہوئے میونسپل ورکرز لیگ کے صدر حاجی فاروق خان نے اعلان کیا کہ اگر ملازمین کو رہا نہ کیا گیا اور دفاتر میں مداخلت بند نہ ہوئی تو پورے شہر کا نظام بند کردیں گے ۔انہوں نے کہا کہ ملازمین کو ہراساں کیا جارہا ہے۔آئے روز ملازمین کے ساتھ زیادتیاں ہورہی ہیں،انٹی کرپشن والے ملازمین کو تنگ کررہے ہیں۔اس موقع پر نذیر خانزادہ خان،چنگیز بھٹی،ایپکا کے صدر چوہدری مبشر،راجہ آفتاب،راجہ ہارون اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔مقررین نے کہا کہ ایک افسر پکڑا گیا تھا اس کو ملی بھگت سے بھگادیا گیا جبکہ انسپکٹروں کو قربانی کا بکرا بنایا گیا ہے۔ملک توصیف بااثر تھا ۔اس کے خلاف حراست سے فرار کا پرچہ بھی درج نہیں ہوا۔حالانکہ اس کو لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بنچ کے حکم پر ضلع بدر بھی کیا گیا تھا لیکن اس کی پوسٹنگ پھر راولپنڈی میں ہوئی۔