ڈاکٹروں نے ابھی چوہدری شجاعت کو ڈسچارج کرنے کا نہیں بتایا، چوہدری پرویز الٰہی

November 10, 2020

اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی کا کہنا ہے کہ ڈاکٹروں نے ابھی چوہدری شجاعت کو ڈسچارج کرنے کا نہیں بتایا۔

لاہور کے سروسز اسپتال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری پرویز الہٰی نے کہا کہ چوہدری شجاعت کی طبیعت اب بہتر ہے اور اُن کی رپورٹس بھی ٹھیک آئی ہیں۔

دوسری جانب پرنسپل سمز پروفیسر ڈاکٹر محمد امجد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چوہدری شجاعت حسین کی طبیعت پہلے کی نسبت بہت بہتر ہے، اُن کے اہل خانہ اُن کے علاج میں مکمل تعاون کر رہے ہیں۔

پرفیسر امجد نے کہا کہ امید ہے دو تین روز میں چوہدری شجاعت حسین کو اسپتال سے ڈسچارج کردیں گے۔

واضح رہے کہ مسلم لیگ ق کے صدر چوہدری شجاعت حسین کاسروسز اسپتال میں علاج جاری ہے،جہاں ان کا کورونا وائرس ٹیسٹ بھی کیا گیاتھا جس کی رپورٹ منفی آئی ہے۔

اسپتال میں چوہدری شجاعت حسین کی عیادت کیلئے لوگوں کی آمد جاری ہے، اسپتال آنے والی شخصیات نے چوہدری شجاعت حسین کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی۔

مختلف سیاسی و سماجی شخصیات نے چوہدری شجاعت کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

خیال رہے کہ چوہدری شجاعت حسین کو سانس لینے میں دشواری کا سامنا تھا، دشواری بڑھنے پر اُنہیں اسپتال لایا گیا۔

طبی معائنے کے بعد اسپتال انتظامیہ نے بتایا کہ چوہدری شجاعت حسین کو نمونیا ہوا ہے۔