وزیرصحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین کی صحت سے متعلق بتایا ہے کہ چوہدری شجاعت نمونیا کے شکار ہوگئے ہیں۔
لاہور سے جاری اپنے بیان میں وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین نے کہا کہ چوہدری شجاعت حسین کو سانس لینے میں کچھ تکلیف ہوئی تھی لیکن آکسیجن اب معمول پر ہے اور طبعیت بھی شام تک مزید بہتر ہوجائے گی۔
ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ چوہدری شجاعت حسین کے ذاتی معالج بھی ان کے ہمراہ ہیں، ڈاکٹر کامران چیمہ سمیت پلمونولوجسٹ اُن کو دیکھ رہے ہیں۔
یاسمین راشد کا مزید کہنا تھا کہ چوہدری شجاعت کو سروسز اسپتال میں زیر علاج رکھا جائے گا۔
واضح رہے کہ چوہدری شجاعت حسین کا لاہور کے سروسز اسپتال میں طبی معائنہ جاری ہے۔
خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ چوہدری شجاعت حسین کو تین روز سے سانس لینے میں دشواری کا سامنا تھا، سانس لینے میں دشواری بڑھنے پر اُنہیں اسپتال لایا گیا۔
دوسری جانب اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ چونکہ چوہدری شجاعت حسین نمونیا کے ساتھ آئے ہیں تو اس لیے ان کا کورونا وائرس ٹیسٹ کرنا بھی ضروری ہے۔