مریم نواز نے اسکیچ بنانے والے نوجوان کا نمبر مانگ لیا

November 12, 2020

پاکستان مسلم لیگ کی نائب صدر مریم نواز مردان سے تعلق رکھنے والے 13 سالہ نوجوان آرٹسٹ شاہ خان کی مداح ہوگئیں، شکریہ ادا کرنے کیلئے نمبر مانگ لیا۔

سوشل میڈیا سائٹ ٹوئٹر پر مریم نواز کو ٹیگ کرتے ہوئے شاہ خان کے بنائے گئے اسکیچز شیئر کئے گئے اور ساتھ ہی لکھا گیا کہ خیبرپختونخوا سے تعلق رکھنے والے اس نوجوان نے اپنی لیڈر مریم نواز کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے یہ اسکیچ بنایا ہے۔

مریم نواز نے نوجوان کی اس کاوش کو رائیگاں نہ جانے دیا اور ٹوئٹ پر ردعمل دے دیا، انہوں نے لکھا کہ براہِ کرم اس نوجوان سے رابطے کیلئے کوئی نمبر شیئر کریں۔

مریم نواز نے یہ بھی کہا کہ وہ خود ذاتی طور پر نوجوان آرٹسٹ کی حوصلہ افزائی اور شکریہ ادا کریں گی۔

خیال رہے کہ شاہ خان اب تک بہت سی مشہور شخصیات کا اسکیچ بنا چکے ہیں جس میں ویسٹ انڈین کرکٹر ڈیرن سیمی، وزیراعظم عمران خان اورڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری بھی شامل ہیں۔


انہوں نے قاسم سوری کو ان کا اسکیچ پیش کیا تھا تاہم شاہ خان وزیراعظم سے ملاقات کا منتظر ہے تاکہ وہ انہیں ان کا اسکیچ پیش کرسکے۔

شاہ خان نے مشہور ترک ڈرامہ سیریل ’ارطغرل غازی‘ کے اداکار دوان الپ کا اسکیچ بنایا اور ان سے ملاقات کے دوران انہیں پیش کیا جس پر وہ بہت خوش ہوئے اور انہوں نے اپنا سائن کیا ہوا چائے کا کپ شاہ خان کو بطور تحفہ دیا تھا۔