نجی بینک کے شیئرز مہنگے داموں خریدنے کا معاملہ، 11 افسران نیب طلب

November 17, 2020

کراچی (اسد ابن حسن) نیب نے ایک نجی بینک کے شیئرز کی خریداری، جس میں حکومتی خزانے کو اربوں روپے کا نقصان ہوا، اس حوالے سے ایمپلائز اولڈ ایج بینیفٹ انسٹیٹیوشن (ای او بی آئی) کے تین ریٹائر اور 8حاضر سروس افسران کو طلبی کے نوٹسز جاری کردیئے گئے۔ کچھ افسران گزشتہ روز اور کچھ آج بروز منگل مورخہ17نومبر کو پیش ہوکر اپنا بیان ریکارڈ کروائیں گے۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر کوآرڈی نیشن نے چیئرمین ای او بی آئی کو مراسلہ تحریر کیا ہے کہ مذکورہ افسران لاہور میں واقع نیب آفس میں تحقیقاتی افسر اسسٹنٹ ڈائریکٹر انوسٹی گیشن محمد طاہر مشتاق کے سامنے پیش ہوکر اپنے بیانات ریکارڈ کروائیں، جن افسران کو طلب کیا گیا ہے ان میں عاصم رشید، محمد نعیم، اجمل خان، ثاقب بٹ، شیر محمد، منصور اوپل، عبدالمجید، عاصمہ عامر، آصف آزاد، صدیق احمد اور ایوب خان شامل ہیں۔