منشیات فروشی منافع بخش کاروبار بن گیا‘جمعیت نظریاتی

November 23, 2020

کوئٹہ (آن لائن )جمعیت علماء اسلام نظریاتی پاکستان کےسیکرٹری اطلاعات حاجی عبدالستار چشتی مرکزی سیکرٹری مالیات حاجی حیات اللہ کاکڑ، صوبائی سیکرٹری اطلاعات مولوی رحمت اللہ حقانی ودیگر نے کہاہے کہ حکومت کی بے حسی اور بے بسی سے کوئٹہ اور خصوصاً دالبندین ، گودارچمن وصوبہ بھر میں منشیات فروشی منافع بخش کاروبار بن چکا ہے جس سے نئی نسل تباہ ہورہی ہے ۔بندوق کی نوک پر پولیو کے قطرے پلانے والی حکومت معاشرے میں اس ناسور کوختم نہیں کرسکتی، بلوچستان میں نوجوانوں میں منشیات تیزی سے بڑھ رہی ہے اور اکثر15سے25سال کی عمر کے نوجوان اس سے متاثر ہورہے ہیں ۔ عام دکانوں سے لیکر تعلیمی اداروں تک منشیات آسانی سے پہنچ رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ منشیات جیسے نا سور کو ختم کرنے کیلئے حکومت ہر ممکن اقدامات کرے اور منشیات فروشوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ بااختیار اداروں کی مجرمانہ خاموشی منشیات کے سوداگروں کے حوصلے بڑھا رہی ہے اور نوجوانوں کا مستقبل تاریک کررہی ہے انہوں نے کہا کہ حکومت ٹھوس اقدامات اٹھائے تاکہ پشتون وبلوچ بیلٹ سے یہ ناسور ختم ہوجائے ۔