شاہد آفریدی اور شعیب اختر کا نواز شریف کی والدہ کے انتقال پر اظہارِ تعزیت

November 23, 2020

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی اور فاسٹ بولر شعیب اختر کی جانب سے مسلم لیگ نون کے قائد میاں نواز شریف اور مسلم لیگ نون کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف میاں شہباز شریف کی والدہ بیگم شمیم اختر کے انتقال پر شدید دُکھ کا اظہار کیا گیا ہے۔

مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹ کرتے ہوئے شاہد آفریدی نےمرحومہ بیگم شمیم اختر کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے شاعر مشرق علامہ اقبال کی معروف نظم’والدہ مرحومہ کی یاد میں‘ کا ایک سطر لکھا:

اب دُعائے نیم شب میں کس کو مَیں یاد آؤں گا

شاہد آفریدی نے نواز شریف اور شہباز شریف کی والدہ کے انتقال پر شدید افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ’خدائے بزرگ و برتر، بیگم شمیم اختر کی مغفرت فرمائے۔‘

سابق کپتان نے لکھا کہ’ اللّہ تعالیٰ میاں محمد نوازشریف اور دیگر اہلخانہ کو آزمائش کی اس گھڑی میں صبر عطا کرے۔‘

دوسری جانب روالپنڈی ایکسپریس سے جانے والے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے بھی مرحومہ بیگم شمیم اختر کے انتقال کی افسوسناک خبر پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے ٹوئٹر پر پیغام جاری کیا ہے۔

شعیب اختر نے کہا کہ’میاں نواز شریف اور میاں شہباز شریف کی والدہ اور مریم نواز صاحبہ کی دادی محترمہ شمیم اختر کی وفات کی خبر سن کر شدید رنج ہوا۔ ‘

اُن کا کہنا تھا کہ ’اللّہ تعالیٰ مرحومہ بیگم شمیم اختر کوجنت الفردوس میں جگہ عطا کرے اور اہل خانہ کو صبر عطا کرے۔ ‘

واضح رہے کہ نواز شریف و شہباز شریف کی والدہ بیگم شمیم اختر گزشتہ روز لندن میں انتقال کرگئیں جس کی اطلاع مسلم لیگ نون کے رہنما عطاء تارڑ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کردہ اپنے بیان کے ذریعے دی۔

مسلم لیگ نون کے رہنما عطاء تارڑ نے اپنے بیان میں بتایا کہ میاں نواز شریف اور میاں شہباز شریف کی والدہ محترمہ وفات پاگئی ہیں۔

ذرائع کے مطابق نواز شریف کی والدہ کی طبیعت گزشتہ ایک ماہ سے ہی خراب تھی لیکن گزشتہ چند روز سے ان کی طبیعت بہت زیادہ خراب تھی۔

مرحومہ شمیم اختر کے بڑے صاحبزادے نواز شریف اپنے علاج کے لیے اس وقت لندن میں مقیم ہیں جبکہ اُن کے چھوٹے صاحبزادے شہباز شریف لاہور کی جیل میں ہیں۔

ان کی میت پاکستان لائی جائے گی جبکہ تدفین جاتی امراء میں اپنے شوہر میاں شریف کے پہلو میں مختص جگہ پر ہوگی، انتقال کے بعد مسلم لیگ (ن) نے اپنی سیاسی سرگرمیاں معطل کردیں۔

مرحومہ بیگم شمیم اختر کے جنازے میں شرکت کے لیے شہباز شریف اور ان کے بیٹے حمزہ شہباز کو پیرول پر رہا کیا جائے گا۔