امید ہے کورونا ویکسن کی تقسیم برابری کی بنیاد ہر ہوگی، لیاقت شاہوانی

December 02, 2020

ترجمان حکومت بلوچستانلیاقت شاہوانی نے کہا ہے امید ہے کورونا ویکسن کی تقسیم برابری کی بنیاد ہر ہوگی، کورونا ویکسن کی تقسیم کا طریقہ کار این سی او سی اور این سی سی میں طے ہوگا۔

لیاقت شاہوانی نے کورونا وائرس سے متعلق میڈیا کو بریفنگ میں بتایا ہے کہ بلوچستان میں کوروناوائرس کے تدارک کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں، این سی او سی کے جاری کردہ ایس او پیز کی پاسداری کر رہے ہیں اور بلوچستان میں ایس او پیز کے حوالے سے ہفتہ آگاہی بھی منایا جا رہا ہے۔

شاہوانی کا عالمی وبا کورونا وائرس سے متعلق کہنا ہے کہ بلوچستان میں ایک ماہ کے دوران کوروناوائرس سے17 اموات ہوئیں، اگر کوروناوائرس کا تدارک نہ ہوا تو صورتحال تشویشناک ہو سکتی ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ کوئٹہ کے دو اسپتالوں میں کوروناوائرس کے57 مریض زیر علاج ہیں، اس وقت کوروناوائرس کے28 مریضوں کو وینٹی لیٹر پر رکھا گیا ہے۔

انہوں نے دیگر مسائل پر بات کرتے ہوئے کہا کہ شہر میں گندے پانی سے سیراب سبزی کی کاشت کے خلاف کارروائی کی گئی ہے، گندے پانی سے سبزیاں کاشت کرنے والوں کے خلاف کیسز بنائےجا رہے ہیں۔

لیاقت شاہوانی کا کہنا تھا کہ شہر میں گیس پریشر کی صورتحال میں بہتری آئی ہے۔

لیاقت شاہوانی نے کہا ہے کہ بلوچستان یونیورسٹی کے پروفیسر کے اغواء سے متعلق تحقیات جاری ہیں، تحقیات میں جو بھی پیش رفت ہوگی عوام کے سامنے رکھیں گے۔