کسی کو پاکستان اسٹیل کی زمین اور اثاثے ہتھیانے نہیں دینگے، سعید غنی

December 04, 2020

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر محنت سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ ہم کسی کو پاکستان اسٹیل کی زمین اوردیگر اثاثے ہتھیانے نہیں دیں گے، اسٹیل ملز سے ملازمین کو نکالنے کے پس پشت موجودہ نااہل، نالائق اور سلیکٹڈ حکومت کا اربوں روپے کی 19 ہزار ایکڑ زمین اپنے’’ اے ٹی ایم‘‘ کو دینا ہے، ملکی تاریخ کی سب سے بڑی ڈکیتی نج کاری ہے، جس کی تحقیقات ہونا چاہیے، پاکستان اسٹیل، پی آئی اے، واپڈا اور ریلوے سمیت دیگر قومی اداروں کے متعلق جو بھی فیصلہ کرنا ہوگا اسے مشترکہ مفادات کونسل( سی سی آئی) کے اجلاس میں ہی کیا جاسکتا ہے، ،ہم اسٹیل ملز کے مزدوروں کے ساتھ کھڑے ہیں، اس سلسلے میں وزیر اعلیٰ سندھ نے صوبائی کابینہ کے 4 ارکان پر مشتمل ایک کمیٹی بھی تشکیل دے دی ہے، جو وفاق سے بات کرے گی، وہ پريس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے ،اس موقع پر پیپلز لیبر بیورو سندھ کے صدر حبیب الدین جنیدی، اسٹیل ملز کی تمام یونینز کے عہدیدار اور دیگر متعلقہ افراد بھی موجود تھے۔ سعیدغنی نےکہا کہ سندھ حکومت اسٹیل ملز چلانے کی استعداد رکھتی ہے، ہم نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کے دور میں بھی یہ پیش کش کی تھی۔